ملکی ترقی ، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آئیں سب ملکرچلیں،وزیراعظم

چترال: (مشرق نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی ترقی ،خوشحالی، دہشتگردی و بدامنی کے خاتمے کیلئے سب کو ساتھ ملکر چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا خیبر پختونخوا کے عوام کی پاکستان کیلئے قربانیاں فراموش نہیں کی جا سکتیں، نوجوانوں کو علم و ہنر سے آراستہ کرکے ملکی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں گے، چترال میں دانش سکول وفاقی حکومت کا تحفہ ہے، گیس پلانٹ فی الفور نصب کیا جائے گا ، اپر چترال میں ہسپتال قائم ،بجلی ٹیرف کا معاملہ حل کرینگے،ان خیالات کااظہار انہوں نے دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا چترال خیبرپختونخوا کا خوبصورت علاقہ ، صوبے کے بہادر ،غیور عوام نے پاکستان کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، خیبرپختونخوا ،چترال کی حب الوطنی بے مثال ،عوام کی ترقی و یکجہتی کیلئے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،محدود تعلیمی سہولیات کے باوجود چترال کے عوام تعلیم یافتہ ،مہذب ہیں، دانش سکول سے ہونہار بچوں کو بہترین ، جدید ، مفت تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی، وفاقی وسائل سے دور دراز علاقوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کسی پر احسان نہیں، ریاست کا فریضہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا دانش سکولز میں ایچی سن کے معیار کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے ،غریب ، یتیم اور عام آدمی کے بچے بھی مفت تعلیمی سہولیات حاصل کرسکتے ہیں ، آئندہ سال چترال میں دانش سکول کا افتتاح ہوگا،لیپ ٹاپ چترال کے ہونہار طلبہ کو بھی ملیں گے،سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے پر فون کرکے مبارکباد دی اورپیشکش کی ملکر ترقی ، خوشحالی ، بدامنی و دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام کریں، وفاق مکمل تعاون کرےگا،امید ہے وزیراعلیٰ پیشکش قبول کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا مئی میں 4دن کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست فاش سے دوچار کیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں فوج نے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،پوری دنیا معترف ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا، امن کیلئے کردار تاریخ میں یاد رکھا جائے گا ، جنگ بندی نہ ہوتی تو بہت جانی نقصان ہوتا۔

وزیر اعظم نے سب کو امن، ترقی و خوشحالی ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ملکی ترقی کیلئے ایک ہونا ہوگا،عوامی مطالبے پر اپر چترال میں جلد ہسپتال ، چترال کیلئے گیس پلانٹ فی الفور نصب، بجلی ٹیرف کا معاملہ حل ،سڑکوں کی تعمیر سمیت اہم منصوبے شروع کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے چترال میں دانش سکول کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا، بریفنگ دی گئی چترال میں 700کے قریب طلبہ کیلئے دانش سکول میں نہ صرف جدید تعلیمی بلکہ رہائشی سہولیات و کھیل کے میدانوں سے لےکر ای لائبریری، سائنس لیبارٹریز اور آڈیٹوریم بھی ہوگا۔