راولپنڈی،گجرات،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)احتجاج مقدمے میں علیمہ خان کا شناختی کارڈ بلاک ،سلیم جوڑاسمیت 30 کارکن 9مئی کیس سے بری،عمران خان کی تمام مقدمات یکجا کرنے کی درخواست خارج کردی گئی۔
علیمہ خان کاشناختی کارڈ ، پاسپورٹ عدالت نے بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، گورنر سٹیٹ بینک کی طرف سے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے کی رپورٹ جمعرات کو پیش ہوگی۔
دوسری جانب 9 مئی کے اہم مقدمے میں سابق ایم پی اے ،سابق صدر تحریک انصاف گجرات چودھری سلیم سرور جوڑا سمیت 30 کارکنوں کو عدالت نے باعزت بری کر دیا،سینئر سول جج سید تہذیب الحسن نقوی نے سپریم کونسل کے رہنما شمشاد ملہی کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزموں کےخلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا،محض سیاسی بنیادوں پر کسی شخص کو سزا نہیں دی جا سکتی،قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، شواہد ناکافی ہوں تو ملزموں کو شک کی بنیاد پر فائدہ دینا انصاف کے اصولوں کے عین مطابق ہے،بری ہونے والوں میں شہزاد گل، فیضان خالد بٹ، ندیم عباس، شمع ملہی، عبدالوہاب، حمزہ سعید و دیگر شامل ہیں۔
دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی،عدالتی کارروائی کے دوران صرف ملزموں کی حاضری لگائی گئی ، چالان نقول کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں ہو سکا، پراسیکیوٹر کے مطابق آئندہ سماعت پر چالان نقول تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائےگا۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے خلاف درج تمام مقدمات یکجا کرنے کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی ۔
علیمہ کا شناختی کارڈ بلاک،عمران کی تمام مقدمات یکجا کرنے کی درخواست خارج



















