وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی 9 ویں کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر دارالحکومت ریاض روانہ ہوگئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ بھی وفد میں شامل ہیں۔

سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی 9 ویں کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض روانہ ہوئے۔ ریاض میں منعقدہ فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور دیگر شعبوں کے نامور لوگ شرکت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں وہ پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت اور عالمی جغرفیائی سیاست میں تبدیلیوں پر ہونے والی گفتگو میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے گفتگو ہوگی، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔

وزیراعظم فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماوں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے حوالے سے تعاون کی استعداد پر گفتگو ہوگی۔