افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے،پاکستان

استنبول :(مشرق نیوز)استنبول میں پاک افغان مذاکرات کاایک اور دور،دونوں ملکوں نے دوبارہ تجاویز پیش کیں،پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی کو نئی جگہ منتقل کرنے کی پیشکش مسترد کر دی۔

ذرائع کے مطابق مقامی ہوٹل میں ثالثوں کی موجودگی میں ہونےوالے مذاکرات میں دونوں ممالک نے اپنی اپنی تجاویز پر جوابی موقف جمع کرایا،پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی نئی جگہ پر آباد کاری کی پیشکش کومسترد کر دیا ،بات چیت کے دوران افغان سرزمین سے ہونےوالی دہشتگردی کا خاتمہ پاکستان کا یک نکاتی ایجنڈا رہا۔

پاکستان نے کہاکالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے،افغان طالبان عالمی برادری کےساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں،رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کی روک تھام کےلئے دئیے گئے جامع پلان پر غور و خوص شروع کر دیا اور آئندہ چند روز میں حتمی جواب سے آگاہ کرنے کا عندیہ دےدیا۔