افغانستان سے دراندازی ناکام ،4بمباروں سمیت 25 خوارج جہنم واصل، 5جوان وطن پر قربان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) افغانستان سے دراندازی ناکام ، 4 بمباروں سمیت 25 خوارج جہنم واصل،پاک فوج کے 5جوان وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ،25 اکتوبر کو خوارج کے 2بڑے گروہوں کی سپن وام ،گھکی کے علاقوں میں نقل وحرکت دیکھی گئی،گروہ افغانستان دراندازی کی کوشش کر رہے تھے تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت نشانہ بنایا،سپن وام میں 4 بمباروں سمیت 15 خوارج ،گھکی میں 10 دہشتگردوںکو انجام تک پہنچایا گیا،ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 جوان جام شہادت نوش کر گئے، شہید حوالدار منظور کی عمر 35 سال ،ضلع غذرگلگت بلتستان کے رہائشی تھے، شہید سپاہی نعمان الیاس کیانی کی عمر 23 سال ،پونچھ آزادکشمیر سے تعلق ،شہید سپاہی عادل کی عمر 24 سال ،قصور کے رہائشی ، شہید سپاہی شاہ جہاں کی عمر25 سال ،وہاڑی کے رہائشی ، شہیدسپاہی علی اصغرکی عمر 25 سال اور پاکپتن کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ترکیہ میں پاک افغان مذاکرات کے باوجود فتنہ الخوارج کی دراندازی کوششیں جاری ہیں،دراندازی کے واقعات سے افغان حکومت کے ارادوں پر سنجیدہ سوالات سوال اٹھتے ہیں، پاکستان مسلسل طالبان حکومت سے اپنی سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کا کہہ رہا ہے،توقع ہے افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرے گی،طالبان خوارج کو پاکستان کےخلاف افغان سرزمین کے استعمال سے روکےں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع کےلئے پرعزم و غیر متزلزل ہیں،آپریشن غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے تک پوری رفتار سے جاری رہے گا،سکیورٹی فورسز ”عزمِ استحکام“ ویژن کے تحت انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں ،کسی بھی بھارتی پشت پناہی یافتنہ خارجی گروہ کو برداشت نہیں کیا جائےگا،وطن کے دفاع کےلئے شہدا کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

دوسری جانب صدر ،وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شہید جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہدا کی قربانیاںرائیگاں نہیں جائیں گی،ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔