رمضان کےلئے جامع قیمت استحکام پلان تیار کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت نے متعلقہ وزارتوں ،صوبائی حکومتوں کو مہنگائی پر قابو پانے کےلئے سفارشات پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا رمضان کےلئے جامع قیمت استحکام پلان تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا،ای سی سی نے پری شپمنٹ انسپکشن فریم ورک میں اصلاحات کی منظوری دےدی ،قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کا موجودہ فریم ورک برقرار رکھا گیا ،اجلاس میں مہنگائی کے رجحانات ،قیمتوں کی نقل و حرکت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ نے عوام کی خریداری قوت کے تحفظ ،مجموعی طور پر قیمتوں میں استحکام کےلئے مربوط اقدامات و مسلسل نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزارت منصوبہ بندی کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر امتیاز احمد نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاحالیہ سیلاب سے قبل افراط زر معتدل سطح پر تھا تاہم زرعی زمینوں و مویشیوں کو نقصان پہنچنے کے باعث ستمبر 2025میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 5.6 فیصد تک جا پہنچی ،غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،حساس قیمت اشاریہ (ایس پی آئی) میں بھی اکتوبر کے دوران مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔