ن لیگ سے اتحاد محبت یا شوق نہیں مجبوری ہے،گورنر پنجاب

پشاور :(بیورورپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے ن لیگ سے اتحاد محبت یا شوق نہیں مجبوری ہے،وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دینا چاہیے،انکار مفت میں ہیرو بنانے والی بات ہے۔

گورنر کے پی سے ملاقات کے دوران سردار سلیم حیدر نے کہا خیبرپختونخوا سے پرانا تعلق ہے، ن لیگ کےساتھ اتحاد ملک کی وجہ سے بنا،پی ڈی ایم کےساتھ ملکر حکومت کرنابھیانک خواب تھا، معذرت کےساتھ اب بھی کچھ چیزوں پر عمل نہیں ہوسکا، سی اے سی میٹنگ میں پارٹی قیادت نے حکومت کو ایک ماہ کا وقت دیا ،سسٹم کو چلانا چاہتے ہیں، امید ہے حکومت،وزیراعظم ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھیں گے، معاملات ٹھیک ہونا ہی ملک کیلئے بہتر ہے، سیاسی لوگوں کو سیاسی طریقے سے ڈیل کرنا چاہیے۔

سردار سلیم حیدرنے کہاعدالت نے اجازت دیدی تو سہیل آفریدی کی بانی سے ملاقات میں کوئی حرج نہیں،آسمان گرے گانہ قیامت آئے گی،ن لیگ کے مستقبل پر کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتا، سسٹم ڈی ریل ہو جائے تو دوسرا کوئی راستہ نہیں،سسٹم نہیں چلے گا تو ملک کا نقصان ہوگا، دودھ ،شہد کی نہریں نہیں بہہ رہیں لیکن چیزیں بہتر ضرور ہوئیں،تمام مسائل کےلئے بیٹھنا ضروری ہے، شہباز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہیں کسی دوسرے ملک کے نہیں،مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، غصہ نہیں کرنا چاہیے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے ووٹ کا نقصان کیا لیکن ملک کا نہیں ہونے دیا۔