اڈیالہ روڈ پر دھرنا ،عمران خان سے ملنے نہ دینا عدلیہ کی بے بسی ہے:سہیل آفریدی
اسلا م آباد ،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دیدیا ، بعد ازاں بانی سے ملے بغیر چلے گئے، دھرنے کے باعث اڈیالہ روڈ پر ٹریفک مکمل جام ہوگیا۔
سہیل آفریدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان سے ملنے نہ دینا عدلیہ کی بے بسی ہے،، ججز اپنے احکامات نہیں منوا پارہے، سوچنا پڑے گا ملک کس طرف جارہا ہے، جب سے وزیر اعلیٰ بنا ٹارگیٹ کیا جارہا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کو ملاقات کیلئے خط لکھ دیا،بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا کام ہے اپنی عوام کیلئے کام کرنا، جلسے جلوس کرنا پارٹی کا کام ہے، پارٹی کی طرف سے جو بھی ہدایات آئیں گی عمل کروں گا،حکمت عملی ایک ہی ہے ،کابینہ کی تشکیل بانی سے ملاقات کے بعد ہو گی،سیاسی حکمت عملی اور احتجاج کا فیصلہ پارٹی اور صدر کے پی جنید اکبر کریں گے۔
دوسری جانب عدالت کے باہرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا بانی عمران خان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 16 کیسز لگے، پورے پاکستان میں اس وقت 23 لاکھ کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، 23 لاکھ میں سے 8 لاکھ 14 ہزار کیسز کریمنل معاملات سے متعلق ہیں، 2 لاکھ سے زائد کیسز پنجاب میں زیر سماعت ہیں۔



















