لاہور: (کرائم رپورٹر،سٹاف رپورٹر)قاتل ڈور نے ایک اور زندگی نگل لی،وزیراعلیٰ نے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کاحکم دےدیا۔
ڈور پھرنے کا واقعہ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا، مزنگ کا رہائشی نوجوان موٹر سائیکل پر گھر جارہاتھا،ڈور پھرنے سے گردن کٹ گئی، ہسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہوگیا،مرحوم ادویات ساز کمپنی میں ملازم،گھر کا بڑا بیٹا اور واحدکفیل تھا۔
شہریوں نے ذمہ دار ایس پی اقبال ٹاﺅن کی نااہلی کو قرار دیتے ہوئے کہا ایس پی کی کمزور گرفت و ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اقبال ٹاون ڈویژن میں رات گئے مسلسل پتنگ بازی ہوتی رہتی ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے سی سی پی او سے رپورٹ طلب اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہااینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس، پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں، مینوفیکچررز کےخلاف کریک ڈان میں تیزی لائیں۔
عثمان انور نے کہا جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، والدین بچوں کو خونی کھیل سے دور رکھیں، شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کےخلاف فوری کارروائی کا حکم دےدیا۔
قاتل ڈور نے ایک اور زندگی نگل لی،شہریوں نے ذمہ دار ایس پی اقبال ٹاﺅن کو قراردےدیا



















