سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ رومانیہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
بخارسٹ: (مشرق نیوز)سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ رومانیہ،شاندار استقبال،دونوں ممالک نے دفاعی و صنعتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی،دفاعی تعلقات مزید مستحکم بنانے ،فضائی افواج کے درمیان نئے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رومانیہ ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایئر چیف کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، دونوں فضائی سربراہوں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی،مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی تبادلوں ،فضائی و زمینی عملے کی صلاحیت بڑھانے پر غور،عالمی و علاقائی استحکام کےلئے دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیاگیا،رومانیہ کے فضائی سربراہ نے بھارتی جارحیت کےخلاف پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو سراہااور مقامی تیاریوں میں پیشرفت پر خراج تحسین پیش کیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ممالک نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے مضبوط ادارہ جاتی تعاون کے قیام پر اتفاق کرلیا۔



















