پنجاب ،دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کاشیڈول واپس

لاہور:(خبر نگار )نئے ایکٹ کا نفاذ،پنجاب میں دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کاشیڈول واپس ،حکومت کو مزید 4ہفتوں کی مہلت،الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام روک دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ممبران کمیشن، سیکرٹری و سینئر افسروں نے شرکت کی، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے جامع بریفنگ دی ،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا صوبائی اسمبلی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 منظور کر لیا ، گورنر نے بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری دےدی، نئے ایکٹ کے نفاذ کےساتھ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ ہوگیا، ایکٹ 2022 کے تحت جاری حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینا چاہیے،الیکشن کمیشن نے دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا شیڈول واپس لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو مزید 4 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کا کام روک دیا،بلدیاتی الیکشن کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول پنجاب حکومت کی درخواست پر واپس لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت کرائے جائیں گے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت دیا گیا حلقہ بندی کا شیڈول واپس لینے کا بھی فیصلہ کرلیا،الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو حلقہ بندی اور ڈیمارکیشن رولزکیلئے 4 ہفتے دےدیئے، حلقہ بندی ،ڈیمارکیشن رولز کیلئے دی گئی مہلت میں مزید اضافہ نہیں کیا جائےگا۔

حکام کے مطابق مقررہ مدت میں کام نہ ہوا تو معاملے کی سماعت کرکے مناسب فیصلہ کریں گے،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات پھر تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے۔