اسلام آباد: (بیورورپورٹ) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے پاکستان علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز،نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقدہ اسلام آباد سمپوزیم کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
جنرل ساحر شمشاد نے بدلتے عالمی و علاقائی حالات کے تناظر میں پاکستان کے فعال کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاپاکستان ہمیشہ عزت، مکالمے و اصولی سفارتکاری کے ذریعے شمالی و جنوبی دنیا کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوشش کرتا رہا ہے،دنیا کو تصادم کی بجائے تعاون کو فروغ دینا ہوگا ،پاکستان باہمی احترام و بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر مبنی پرامن بقائے باہمی کے نظرئیے سے رہنمائی حاصل کرتا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا پاکستان فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے منصفانہ و پرامن حل کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، پاکستان تہذیبوں ،خطوں کے سنگم پر کھڑا ذمہ دار ملک ہے جو ہمیشہ بردباری، توازن و تعمیری روابط کے ذریعے عالمی امن کے فروغ میں کردار ادا کرتا رہے گا،تقریب میں نامور ماہرین تعلیم، اعلیٰ سرکاری حکام، غیر ملکی سفیر، کاروباری برادری کے نمائندگان، طلبہ اور مختلف جامعات کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
پاکستان امن کے فروغ میں کردار ادا کرتا رہے گا، جنرل ساحر شمشاد



















