پشاور ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کابینہ کی جاری کردہ فہرست جعلی ہے، بانی سے مشاورت کے بعد فائنل کریں گے۔
سہیل آفریدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہدایات کا انتظار ،نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ، آئین ،قانون میں رہ کر عمران خان کو رہا کرانا ہے، کروڑوں عوام کی نمائندگی کرتا ہوں جو لوگ ملاقات کرنے نہیں دے رہے، احساس کرنا چاہیے میں وزیراعلیٰ ہوں، یقین دلاتا ہوں مایوس نہیں کروں گا۔
دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور سہیل آفریدی کےخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی،وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو پولیس نے داہگل ناکے پر روک دیا تھا،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی 2 گھنٹے تک انتظار کے بعد داہگل ناکے سے واپس چلے گئے۔
کابینہ فہرست جعلی، بانی سے مشاورت کے بعد فائنل کرینگے،سہیل آفریدی

















