بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،شہبازشریف


کوالالمپور،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) وزیراعظم سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد کی ملاقات ،دوطرفہ اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا بزنس ٹو بزنس روابط کے نئے راستے کھلے ، حکومت کاروبار کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کرنے اور کاروبار میں آسانی بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے،پاکستان ،ملائیشیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے، فروغ کیلئے دونوں ممالک بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے متحرک ہے،گوبی پارٹنرز کی جانب سے پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر اعتماد خوش آئند ہے،سرمایہ کاری کی سہولت ،بنیادی ڈھانچے تک بہتر رسائی کے ذریعے سٹارٹ اپس و ابتدائی مرحلے کے سرمایہ کاروں کی مدد کیلئے اصلاحات پر کام کررہے ہیں،پائیدار سٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کے قیام کیلئے بین الاقوامی و ملکی سرمایہ کو متحرک کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔

شہبازشریف نے کہاڈیجیٹل معیشت خصوصاً فنٹیک، ای کامرس ،آئی ٹی خدمات، قومی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان کے آئی ٹی، ٹیکنالوجی ،مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں،فائدہ اٹھانے کےلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کیا جائےگا،گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای کامرس ، فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک عمل میں گہری دلچسپی ظاہر کردی۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ ملائیشیا پر21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاشہباز شریف نے ملائیشیائی ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر 5 سے 7 اکتوبر ملائیشیا کا دورہ کیا،1957 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے اب تک دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات باہمی احترام ،مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں،پاک ملائیشیا تعلقات 22 مارچ 2019 کو سٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہوئے، دونوں ممالک کی قیادت نے 6 اکتوبر کو اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ،اعلیٰ سطح پر روابط برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزرائے اعظم نے وزرائے خارجہ کی سطح پر مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے پر اتفاق ،تجارت، سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں فروغ دینے کی صلاحیت کو اجاگر کیا،ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کےلئے پام آئل کی برآمد میں اضافے کی خواہش ،پاکستان ،ملائیشیا کا پام آئل کی سپلائی چین کو مستحکم و پائیدار بنانے پر اتفاق ہوا،پاک ملائیشیا وزرائے اعظم نے حلال مصنوعات ،خدمات کی فراہمی طلب میں عالمی سطح پر اضافے کی اہمیت کو تسلیم ،حلال سرٹیفکیشن، حلال فوڈ سپلائی اور مینوفیکچرنگ کو سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہاجوائنٹ کمیٹی برائے دفاعی اشتراک کے تحت دو طرفہ دفاعی تعاون پر اظہار اطمینان ، تعلیم بشمول ٹیکنیکل ،ووکیشنل ٹریننگ کےساتھ ادارہ جاتی شراکت داری کا خیر مقدم ،فضائی سفر کی سہولیات میں اضافہ،ہیلتھ کیئر فارماسوٹیکلز ،میڈیکل ڈیوائسز پر تعاون،سیاحت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا،دونوں وزرائے اعظم نے ملائیشیا میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے قابل تجدید توانائی انرجی ٹرانزیشن و متعلقہ شعبوں میں مشترکہ تحقیقات ،سرمایہ کاری ،سائنس و ٹیکنالوجی، اختراعات بشمول اے آئی ،ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شعبوں میں تعاون، انسداد دہشتگردی، منظم جرائم، ٹیرر فائنانسنگ اور سائبر کرائمز پربھی تعاون پر اتفاق کیا،بین الاقوامی تنازعات کو اقوام متحدہ قراردادوں و بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کرنے پر زور،غزہ میں جاری نسل کشی کی شدید مذمت کی گئی،دونوں ممالک نے پرامن و مستحکم افغانستان کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔