شعلے اگلتی زبانوں کےساتھ سیز فائر کی امید کیسے رکھ سکتے ہیں؟،عظمیٰ بخاری
لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی پی رہنماوں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ایک طرف سیز فائر کی بات دوسری جانب ہر گھنٹے بعد ہوائی فائرنگ کرنے آجاتے ہیں، شعلے اگلتی زبانوں کےساتھ سیز فائر کی امید کیسے رکھ سکتے ہیں؟جس کو دیکھو جھاڑ پونچھ کر کے گھر سے نکلتا اور مائیک آگے رکھ کے بیٹھ جاتا ہے شعلے نکالنے ،گالیاں دینے پھر مفاہمت کی بات کیسے کرتے ہیں؟۔
عظمیٰ بخاری نے کہاجواب دو تو رونے بیٹھ جاتے ہیں، مسلسل اشتعال کے بعد تھوڑا سا جواب آتا ہے، جمہوریت کا لیکچر مت دیں، آپ نے جمہوریت اپنے نازک کندھوں پر نہیں اٹھائی ہوئی اگر آپ دن رات لیڈرشپ پر حملے کریں گے تو کیا گلے میں پھولوں کے ہار پہنائیں گے؟،لیڈرشپ اور پارٹی کی اعلیٰ ظرفی ہے جو ذاتی حملوں کے بعد بھی خاموش ہے، سندھ بھی کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جس کو آپ ہر فورم پر سندھو دیس کہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا معافی تلافی کا معاملہ ہے تو سندھ حکومت کی طرف بہت معافیاں ادھار ہیں ،وزیراعلیٰ پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟،روزپریس کانفرنس ،گالیاں دی جارہی ہیں،جواب نہ دیں تو کیا کریں؟ پیپلزپارٹی نے وفاق کو کمزور کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو نشانہ بنایا،سمجھ نہیں آرہا پیپلزپارٹی چاہ کیا رہی ہے، کیا ن لیگ کے لوگ پریس کانفرنس نہیں کرسکتے ،سندھ کو پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا ہے؟،صوبائیت کارڈ تو ہر وقت سندھ کی طرف سے کھیلا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا بی آئی ایس پی کے سروے پر بہت سے سوالات اٹھے،17 اکتوبر کو سیلاب متاثرین کو چیکس تقسیم کیے جائیں گے، ایک ماہ میں نقصانات کا سروے کراکر سیلاب متاثرین کو اپنے گھروں میں بسانا ٹاسک ہے،کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو وزیرخارجہ تھے، وزیراعظم کےخلاف کیا کیا کہا ریکارڈ دیکھ لیں، جب کہاگیا پنجاب حکومت وفاق کےخلاف سازش کررہی ہے تو مجھے بات کرنا پڑی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا بلاول بھٹو نے اچھے انداز میں پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑا ،کوشش ہوتی ہے ،اچھا ہوتا بلاول وزیراعلیٰ پنجاب کےساتھ سیلاب کے معاملے پر مل کر کام کرتے ، وزیراعلیٰ ،ٹیم پنجاب میں بحرانوں پر قابو پارہی ہے، سیاست نہیں ہونی چاہیے، صوبوں میں اپنا اپنا کام کرنا ہوگا۔



















