بانی پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس حتمی مراحل میں داخل

راولپنڈی (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس حتمی مراحل میں داخل ہو گیا۔ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 342 بیان کا سوالنامہ فراہم کر دیا۔ دونوں ملزمان کے سوالنامے 29-29 سوالات پر مشتمل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے گواہ نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر جرح کی۔

توشہ خانہ ٹو کیس کے تمام گواہان پر وکلا صفائی کی جرح مکمل کر لی گئی۔ کیس میں کل 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت کے سوال نامے کا جواب 8 اکتوبر کو جمع کرائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، بیرسٹر علی ظفر، مشعال یوسفزئی اور وکیل احمد مصر سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں موجود تھے۔