اسلام آباد:(بیورورپورٹ)تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد ایک اور بڑی پیشرفت،حکومت نے پاک سعودیہ ا قتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے کےلئے 18اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کمیٹی پاکستان سعودی عرب اقتصادی فریم ورک کے تحت بات چیت کی نگرانی کرے گی ،فیصلے کا اعلان اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد کیا گیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ،نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کوکمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر کردیا گیا،ممبران میں احدچیمہ، جام کمال ، اویس لغاری، رانا تنویر ،شزا فاطمہ خواجہ، عبدالعلیم خان، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت و دیگر شامل ہیں،کمیٹی کے مشترکہ چیئرمین سعودی ہم منصبوں کےساتھ مذاکرات کےلئے مرکزی ٹیمیں تشکیل دیں گے جو تیز رفتاری سے فرائض سرانجام دیں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کمیٹی کا قیام عکاسی کرتا ہے پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان تعاون کا دائرہ دفاع و توانائی سے بڑھ کر ماحولیات ،موسمیاتی استحکام کے شعبوں تک وسیع ہو رہا ہے،سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ، سٹیٹ بینک، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ،سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے،اقتصادی سفارتکاری میں سول و عسکری اداروں کے درمیان قریبی رابطہ یقینی بنانے کیلئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
وزیراعظم آفس نے ہدایت دی کمیٹی سعودی عرب کےساتھ مذاکرات کا عمل تیز کرے،کسی بھی اجلاس کےلئے سفری منظوری ایک ہی دن میں زیادہ سے زیادہ گھنٹے کے اندر مکمل کی جائے،کمیٹی ہر 15روز بعد وزیراعظم کو اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مذاکرات میں سعودی عرب سے تیل و زراعت کے شعبوں میں بائے بیک سرمایہ کاری کی تجدید درخواست کرےگا ،کوشش ہوگی سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیا جائے ،بات چیت کے دوران ایک دہائی سے تعطل کا شکار تیل ریفائنری منصوبہ بھی زیرغور آئے گا ،وزیراعظم شہباز شریف کے رواں ماہ سعودی عرب کے سرکاری دورے کا امکان ہے ،اقتصادی معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ایک اور بڑی پیشرفت،پاک سعودیہ اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے کےلئے کمیٹی قائم



















