اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے)تناﺅ کے خاتمے کیلئے ن لیگ،پی پی کی بیٹھک، تمام مسائل افہام و تفہیم سے حل اور لفظی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا اہتمام کیا ،پیپلزپارٹی کے وفد نے ن لیگی رہنماوں سے ملاقات کی، بڑھتے تناو و بیانات کے تبادلے پر کھل کر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر ،اعجاز جاکھرانی ،ن لیگ کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینیٹر رانا ثنا ،رانا مبشر و دیگر رہنما ﺅں نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات و تقاریر پر اعتراضات اٹھائے،نوید قمر نے کہا اتحادی جماعتوں کے درمیان منفی بیانات سے نہ صرف اعتماد مجروح ہوتابلکہ اتفاق و سیاسی ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچتا ہے،اتحادیوں کو چاہیے ایک دوسرے کےخلاف بیان بازی سے گریز کریں تاکہ مشترکہ حکومتی ایجنڈے پر توجہ دی جاسکے،سخت بیانات کے جواب میں جارحانہ بیانات دئیے جائیں گے،پیپلز پارٹی نے اپنے ردعمل کا اظہار ایاز صادق سے ملاقات میں بھی کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں جماعتوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کا ٹاسک سنبھالتے ہوئے کہاامید ہے اتحادی جماعتیں قومی وعوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک ساتھ آگے بڑھیں گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں نے افہام و تفہیم سے تمام مسائل حل ،لفظی محاذ آرائی ختم اور بیانات میں احتیاط برتنے پر اتفاق کیا،ن لیگی رہنماﺅں نے بھی کہابیانات کے تبادلے سے پیدا ہونے والے تناو کو ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے،عوامی مسائل ،حکومتی پالیسیوں پر توجہ دینے کی بجائے داخلی اختلافات کو ہوا دینا مناسب نہیں۔
دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کی زبان، الفاظ اور لہجہ بالکل مناسب نہیں، مکالمے کے جواب میں سندھ سے بھی ایسا جواب آیا تو کیا ہوگا،حکومت کو ہر مقام پر سپورٹ کرنا کوئی احسان نہیں ، مطلب کوئی بلینک چیک دینا نہیں تھا کہ حکومت جو چاہے کرتی رہے گی،ن لیگ اور اپنے ساتھیوں سے گزارش ہے تنقید ضرور کریں لیکن وہ الفاظ استعمال نہ کریں جو ماضی میں کیے گئے،بلاول بھٹو بڑے تحمل سے چیزوں کو آگے لےجانے کی کوشش کررہے ہیں، صورتحال کو پہلے خراب کرنا چاہتے تھے نہ اب، جہاں کہیں کوئی غلطی ہوگی رائے دیں گے، رائے نہ مانی گئی تو تنقید و احتجاج کیاجائےگا، کچھ دن پہلے شروع ہونے والے مکالمے کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی نے وزارتیں لیے بغیر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا،بد قسمتی سے حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد نہیں ہوا،ماضی میںحکومت سے جیسے علیحدہ ہوئے یاد ہے بھولے نہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہم خود بھی تو پنجاب سے ہیں، تنقید پر آپ سیخ پا ہوتے ہیں اور کہتے ہیں میں چھوڑوں گی نہیں، رائے پر سندھ حکومت کو ٹارگٹ کیا گیا، این ایف سی کے پیسے پر بات کی گئی، سیلاب میں پیپلز پارٹی ہر قدم پر آپ کے ساتھ کھڑی رہی، بلاول بھٹو کے قصور میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے میں انتظامیہ کا رویہ مناسب نہیں تھا،چیئرمین پی پی نے پھر میں وزیراعلیٰ کے کاموں کو سراہا،زبان بند، ہاتھ توڑدوں گی والا لہجہ مناسب نہیں،بی آئی ایس پی صرف پیپلز پارٹی کا پروگرام نہیں ، دنیا بھر میں بی آئی ایس پی غربت کی روک تھام کے پروگرامز میں نمبر ون ہے، تجویز دینے پر آپ کہتے ہیں پنجاب پر کوئی انگلی اٹھی تو توڑ دیں گے، لہجے پر غور کریں، آپ صرف سی ایم پنجاب نہیں، نواز شریف کی بیٹی اور شہباز کی بھتیجی ہیں، آپ کے منہ سے نکلے الفاظ ن لیگ کا موقف ہے،مکالمے کے جواب میں سندھ سے بھی ایسا جواب آیا تو کیا ہوگا، کیا زبانیں بند کرکے بیٹھ جائیں، آپ حکومت کریں لیکن باقی لوگوں کا حق ختم نہ کریں۔
دریں اثنا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہاپی پی رہنماﺅں نے پنجاب حکومت کےخلاف پریس کانفرنسز کی ریس لگالی اور پھر بھی دعویٰ کرتے ہیں سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کر رہے،صوبے میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے پی پی رہنماﺅں کو اپنا ماضی یاد کر لینا چاہیے، اپنی مقبولیت ،عوامی خدمت پر فخر ہے، پیپلز پارٹی کو بھی اپنی مقبولیت و عوامی حمایت پر توجہ دینی چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا منفی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گانہ ہی اس طرح پیپلز پارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکتی ہے،اختلاف نہیں بلکہ اجتماعی طور پر پنجاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، کابینہ اور صوبے کے تمام ادارے پہلے دن سے سیلاب متاثرین کے درمیان موجود ہیں،سنجیدہ معاملے پر سیاست کرنا قمر زمان کائرہ جیسے تجربہ کار سیاستدان کے شایان شان نہیں،ذاتی حملوں کاجواب بھی ضرور دیا جائے گا، آپ سندھ میں بی آئی ایس پی استعمال کریں، اعتراض نہیں، سندھ میں آپ متاثرین کو 10،10 ہزار دے رہے ہیں لیکن مریم نواز پنجاب کے متاثرین کو 10،10 لاکھ دے رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب کا خزانہ ،وسائل عوام کی ملکیت ہیں، خرچ کرنے کےلئے کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں،مریم نواز کے 90سے زائد منصوبے پنجاب کے فنڈز سے مکمل ہو رہے ہیں،وفاق کا ایک پیسہ بھی شامل نہیں،حقیقت پر ایک پنجابی ہونے کے ناطے خوشی ہونی چاہیے افسوس نہیں،قبل ازیں عظمیٰ بخاری نے کہاپیپلزپارٹی والے مریم نواز کی پرفارمنس سے خوفزدہ ہو کر الٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں، سیزفائر دوسری جانب سے ہو جائے تو مناسب ہے کیونکہ معاملہ ن لیگ نے شروع نہیں کیا،اتحادی ڈھنگ کا مشورہ دیں تو کیوں نہیں لیں گے، پنجاب پربڑی آفت آئی، آپ کا سیلاب سے نمٹنے میں کوئی کردار نہیں، پنجاب حکومت کی مدد کی بجائے سیلابی صورتحال پر سیاست شروع کر دی،کسان کو امدادی قیمت آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے نہیں دی جا رہی، سندھ میں بھی کسان کو قیمت نہیں دی گئی وہاں بھی گندم پیدا ہوتی ہے، بار بار اٹھ کر کہتے ہیں پنجاب کا کسان مرگیا، سندھ کا کسان کیوں نہیں مرا؟۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہر بات پر ٹانگ کھینچنا ،صوبے کے انتظامی معاملات میں گھسنا مناسب نہیں، کیا کبھی پوچھا سندھ میں کیا ہو رہا ہے؟،سندھ میں سیلاب آیا تو کوئی سیاسی بیان نہیں دیا، وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب میں سندھ کو سپورٹ کیا، سندھ میں بہت سارے پراجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، پنجاب میں کوئی ایسا پروگرام نہیں جو وفاق کی مدد سے چل رہا ہو،بیرونی امداد نہیں لینا چاہتے کیا کوئی زبردستی ہے؟ پنجاب اگر 25 لاکھ افراد، 21 لاکھ مویشیوں کو سیلاب میں ریسکیو کر سکتا ہے تو واپس آبادکاری بھی کر سکتا ہے، آپ اقدام کو سراہیں پنجاب اپنے وسائل سے سب کچھ کر رہا ہے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا رہا،پی پی والے بضد ہیں آپ دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلائیں اور بیرونی امداد لیں، ایسا نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی پنجاب سیلاب متاثرین کیلئے اتحادی کے طور پر مل کر کام کرنا چاہے تو حاضر ہیں، کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے، خوامخواہ الزام تراشی اورپرفارم کرتی حکومت پر تنقید مناسب نہیں۔
ن لیگ،پی پی میں لفظی جنگ بندی ، مسائل حل کرنے پر اتفاق



















