پاکستان ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے،آئی ایم ایف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے موثراقدامات،وکلا، لا فرمز ،سونے چاندی کا کاروبار کرنے والوں کی نگرانی ،سرکاری خریداری کے عمل میں شفافیت کیلئے الیکٹرانک سسٹم نافذ کرے،آئی ایم ایف نے مزید مطالبات پیش کردئیے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے ممکنہ تجارتی منی لانڈرنگ کے خطرات و اثرات پر رپورٹ طلب ،غیرمالیاتی کاروبار ،پروفیشنلز کی سخت نگرانی کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق سونے چاندی، جواہرات ، قیمتی دھاتوں کا کاروبار کرنے والوں کی نگرانی ،نئی کمپنیاں رجسٹر کرانے ، شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز کا انتظام کرنے والوں پر بھی نظر رکھی جائے گی، سرکاری اثاثہ جات کی فروخت یا تلفی کو شفاف بنایا جائےگا، ای پیڈ سسٹم میں ٹینڈرز کا آن لائن اجرا ،بولیوں کی آن لائن جانچ پڑتال شامل ہے،سرکاری خریداری میں کم انسانی مداخلت سے کرپشن کی روک تھام ،ٹھیکیداروں سمیت حقیقی مالکان ،فائدہ اٹھانے والوں کا پتہ لگایا جاسکے گا۔