کوئٹہ میں خودکش دھماکہ،10شہری شہید،فورسز کی بروقت کارروائی،6دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ،خضدار،بنوں،اسلام آباد:(مانیٹرنگ،بیورورپورٹ)کوئٹہ میں خودکش دھماکہ،10 شہری شہید ،اہلکاروں سمیت 30 سے زائد زخمی ،سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی،فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرایا، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی دور دور تک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ،دھماکے کے فوری بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فورسز نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی،حملہ آور ایف سی وردی میں ملبوس تھے، سب کو ہلاک کردیا گیا،بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بناتے رہیں گے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ بلوچستان میں جاری دہشتگردی کی کڑی ہے، 25 سے 30 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، ہلاک دہشتگردوں سے 15 دستی بم اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے کہا شہید ہونے والے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں،زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کاخدشہ ہے۔
صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر نے فتنہ الہندوستان کے 6 حملہ آوروں کو جہنم واصل کرنے پر جوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا ایف سی کے بہادر سپوتوں نے بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا،خراج تحسین پیش کرتے ہیں،بہادر جوانوں پر ناز ہے،معصوم و نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا ئیں گے،عفریت کاخاتمہ کرکے دم لیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا دہشتگردوں کی بزدلانہ ،انسانیت سوز کارروائی کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے،سکیورٹی فورسز نے فوری اور مو¿ثر کارروائی کرکے دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا،شہدا کے لواحقین کےلئے فوری مالی امداد اور زخمیوں کے علاج کا پورا خرچہ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
دریں اثناخضدار کے علاقے زہری میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا،فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7دہشتگرد ہلاک ،10 زخمی ہوگئے، تیار شدہ آی ای ڈیز، ٹرانس میٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار،گرنیڈ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں،دہشتگردوں نے مقامی لوگوں کو ہراساں کرنے کا عمل جاری رکھا ہوا تھا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں بڑی تعداد میں گراو¿نڈ فورسز ،ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی کیا گیا، فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ادھر بنوں میں خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے عوامی رابطہ پل دھماکے سے اڑا دیا،ذرائع کے مطابق مالی خیل تحصیل جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی کوشش کی گئی،خوارج نے رابطہ پل کے نیچے بارودی مواد لگایا، پھٹنے سے پل مکمل تباہ ہو گیا۔
مزید برآں باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے لغڑئی میںپاک فوج کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر علاقے سے گولہ بارود صاف کرنا شروع کر دیا،پاک فوج نے گاو¿ں گھاکی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے چھوڑا گیا بارودی گولہ بروقت کارروائی کر کے ناکارہ بنایا، سکیورٹی فورسز نے علاقہ عمائدین سے درخواست کی فتنہ الخوارج کی جانب سے چھوڑے گئے گولہ بارود سے بچنے کیلئے خصوصی احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک ہتھیار یا مواد کی بروقت اطلاع فراہم کریں۔



















