ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں،وزیراعظم ،بھارت کوپھر مذاکرات کی پیشکش
نیویارک: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا ہے بھارت کےخلاف جنگ جیت چکے، جامع و نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ نے بروقت اور فیصلہ کن مداخلت نہ کی ہوتی تو مکمل جنگ کے نتائج تباہ کن ہوتے، خطے میںامن کی ترویج کےلئے غیرمعمولی کوششوں کے اعتراف میں پاکستان نے ٹرمپ کوامن کے نوبل انعام کےلئے نامزد کیا،جنوبی ایشیا کو اشتعال انگیز کی بجائے فعال قیادت کی ضرورت ہے،سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ و غیر قانونی طور پر معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون کے اصولوں کےخلاف ہے،24کروڑ عوام کے پانیوں پر حق کا ضرور اور پرجوش دفاع کریں گے۔
جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پاکستان ،عوام کشمیری بھائیوں کےساتھ ہیں ،ایک دن بھارت کا ظلم و ستم وادی میں مکمل طور پر رک جائےگا ، کشمیر اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے بنیادی حق خودارادیت حاصل کرےگا،بھارت کے ہندوتوا سمیت دیگر نظریات پوری دنیا کےلئے خطرہ ہیں، اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات کو روکنا ہوگا،فلسطینی عوام کی حالت زار سب سے زیادہ دل دہلا دینے والے المیوں میں سے ایک ہے،مغربی کنارے غیرقانونی آباد کار بلاخوف و خطر روزانہ فلسطینیوں کو شہید کررہے ہیں ، کوئی باز پرس کرنے والا نہیں ،جنگ بندی کا راستہ تلاش کرنا ہوگا،فلسطین اب مزید اسرائیلی بیڑیوں میں نہیں رہ سکتا، پوری وابستگی ،قوت کےساتھ آزاد ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا قطر میں اسرائیلی حملے کی بھرپور مذمت اوریوکرین تنازع کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ،افغانستان میں امن خطے کےلئے ضروری ہے، افغان حکومت کو انسانی ،بالخصوص خواتین کے حقوق پر اقدامات اٹھانا ہوں گے، امید کرتے ہیں طالبان حکومت دہشتگرد گروہوں کیخلاف کارروائی کرے گی اور اپنی سرزمین کو کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،پاکستان چین کے گلوبل گورننس اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ امن،انصاف و ترقی کےلئے آواز اٹھاتا رہے گا۔
شہبازشریف نے کہا دنیا ہمیشہ سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوگئی ،عالمی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے، انسانی بحران بڑھتے چلے جارہے ہیں، دہشتگردی بڑا خطرہ ہے،ڈس انفارمیشن ،فیک نیوز اعتماد اور یقین کو ٹھیس پہنچا رہی ہیں ، موسمی تبدیلیاں بقا کےلئے خطرہ بن گئیں،اسلحے کی بے لگام دوڑ اور نئی ٹیکنالوجیز تباہ کن غلطیوں کے خطرے کو بڑھا رہی ہیں،کثیرالجہتی نظام کوئی آپشن نہیں بلکہ ناگزیر ہو چکا ۔
وزیراعظم نے کہا خارجہ پالیسی بانی پاکستان قائداعظم کے ویژن پر مبنی ،بنیاد امن، باہمی احترام و تعاون ہے، مذاکرات ،سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں گزشتہ برس اسی فورم پر میں نے خبردار کیا تھا پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دےگا، الفاظ رواںسال مئی میں سچ ثابت ہوئے ،دشمن غرور میں لپٹا آیا اور ذلت کےساتھ واپس لوٹا،بھارت نے پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقاتی پیشکش کو مسترد کرکے انسانی المیے کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کرتے ہوئے شہروں و بےگناہ لوگوں کو نشانہ بنایا،، علاقائی سالمیت و قومی سلامتی کی خلاف ورزی ہوئی تو اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51کے تحت اپنے دفاع کا بنیادی حق استعمال کیا۔
شہبازشریف نے کہا بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی قیادت میں شاہینوں نے فضاﺅں میں دشمن کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے 6بھارتی طیاروں کو مٹی کا ڈھیر بنایا ، جارحیت کرنے والوں کو فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، فتح کا سہرا ہر افسر ،جوان اور شہدا کے ورثا کے سر ہے،ہر پاکستانی صورتحال میں مضبوط دیوار بنیان مرصوص بن کر کھڑا رہا،طاقت میں ہونے کے باوجود جنگ بندی پر آمادہ ہوئے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جراتمند ،بصیرت افروز قیادت سے ممکن ہوئی، جنگ بندی کےلئے فعال کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ ،ٹیم کو سراہتے ہیں، امریکی صدرکی کوششوں نے بڑے خطرناک تصادم کو ٹال دیا اگر بروقت و فیصلہ کن مداخلت نہ کرتے تو مکمل جنگ کے نتائج تباہ کن ہوتے، صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں ،امن کےلئے کوششوں پر ہی پاکستان نے نوبل امن ایوارڈ کےلئے نام پیش کیا ۔
وزیراعظم نے کہا نازک وقت میں سفارتی حمایت کرنے پرچین، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، آذربائیجان، ایران، متحدہ عرب امارات ،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت دوستوں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،پاکستان نے جنگ جیت لی اب پوری دنیا میں امن جیتنے کے خواہاں ہیں، پاکستان بھارت کےساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر جامع و نتیجہ خیز مذاکرات کےلئے تیار ہے،پانی کے معاہدے کی خلاف ورزی اعلان جنگ کے مترادف ہے۔
شہبازشریف نے کہا صدر ٹرمپ کی طرف سے عرب و اسلامی ممالک کو اقوام متحدہ میں مشاورتی اجلاس کےلئے مدعو کرنے کے بروقت اقدام پر شکرگزار ہیں، جنگ بندی کی نئی امید پیدا ہوئی، امن اقدام کا کریڈٹ بھی صدر ٹرمپ کو جانا چاہئے،اسرائیل کا دوحہ پر حالیہ حملہ و دیگر ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزیاں باغیانہ روئیے کی عکاسی کرتی ہیں، پاکستان برادر ملک قطر کے عوام کےساتھ کھڑا ہے،پاکستان 2دہائیوں سے زیادہ عرصے سے انسداد دہشتگردی کےخلاف فرنٹ لائن ملک کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے ،90ہزار جانوں کی قربانیاں دیں،نیویارک، لندن، لاہور اور دنیا کے کسی بھی مقام پر کسی کی زندگی لینا ایک جیسا ہے، پاکستان نے انسداد دہشت گردی اور دنیا میں امن کے قیام کےلئے لازوال قربانیاں دیں، اعتراف کیا جانا چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا دہشتگردی کی وجہ سے 150ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا،بیرونی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کا سامنا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج، فتنہ ہندوستان، بی ایل اے ،مجید بریگیڈ کی دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں ،گروہ افغان سرزمین سے آپریٹ کرتے اور جعفر ایکسپریس جیسے ہولناک حملوں کے ذمہ دار ہیں ،سکیورٹی ادارے دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں ،جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے،قریبی ہمسائے کی حیثیت سے پاکستان کا پرامن افغانستان سے براہ راست تعلق ہے، ترقی و خوشحالی کی کلید علاقائی استحکام ،رابطے میں مضمر ہے، پاکستان تمام شراکت داروں کےساتھ ملکر انسانی بنیادوں پر امداد ، معاشی بحالی اور افغانستان میں جامع سیاسی فریم ورک کی حوصلہ افزائی کےلئے مصروف عمل ہے، عبوری افغان حکومت کو خواتین کے حقوق سمیت انسانی حقوق کی پاسداری کرنی چاہئے۔
شہبازشریف نے کہا ماحولیاتی بحران سب سے فوری عالمی چیلنج ہے، 2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا ،نقصانات 34ارب ڈالر سے زیادہ تھے، قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، رواںسال پھر بڑے سیلاب نے ہزاروں دیہات بہا دئیے، لاکھوں افراد بے گھر ،ایک ہزار سے زائد جانیں ضائع ہوئیں ،کھیت تباہ ہوگئے، فصلوں، مال مویشیوں ،املاک کا اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ،پاکستان اپنی غیر معمولی استقامت سے آفت کا مقابلہ کر رہا ہے، حکومت نے موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی ، 2022 اور 2025 کے تباہ کن سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آئے،پاکستان کا عالمی گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم لیکن شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونےوالے نقصانات کی وجہ سے قرضے لینا پڑتے ہیںیہ انصاف نہیں ، قرضے معیشت کےلئے تباہ کن ہیں، بھرپور محنت کرکے ملک کو پاﺅں پر کھڑا کریں گے،معیشت کی بہتری کےلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیں، ٹیکس نظام کو جدید بنایا ، سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ،ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت ،کرپٹو کو اپنایا ، انفراسٹرکچر، توانائی، صنعت، زراعت، کان کنی اور ٹیکنالوجی ترجیحات ہیں۔
شہبازشریف نے کہا صدر شی جن پنگ کے تاریخی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے تزویراتی شراکت داری ترقی میں معاون ہے،پاکستان سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے تنازعات کی روک تھا م کےلئے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے،فعال اقوام متحدہ ،تعاون پر مبنی کثیرالجہتی نظام کےلئے ہمیشہ امن، انصاف اور ترقی کے علمبردار رہےں گے۔
نیویارک ،واشنگٹن (بیورورپورٹ)دیرینہ تعلقات کا ایک اور ا ہم سنگ میل عبور ،امریکی صدر،پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت کی خوشگوار ملاقات نے دنیا کی توجہ سمیٹ لی ، بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے وائٹ ہاﺅس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے،ملاقات نہایت پرتپاک و خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
شہبازشریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کےلئے مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کی بدولت پاکستان ،بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور خطہ بڑے بحران سے بچ گیا۔
وزیراعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور امن کے قیام کےلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کاوشوں با لخصوص رواں ہفتے مسلم دنیا کے رہنماﺅں کو غزہ و مغربی کنارے سمیت مشرق وسطی میں امن کی بحالی کیلئے جامع مشاورت کیلئے مدعو کرنے کو بھی سراہا،رواں سال کے اوائل میں پاکستان ،امریکہ کے درمیان طے پانے والے ٹیرف ارینجمنٹ پر شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف نے دونوں ممالک کے درمیان طویل مدت شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،امریکی کمپنیوں کو زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، معدنیات ،توانائی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے انسداد دہشتگردی میں پاکستان کے کردار کو صدر ٹرمپ کی جانب سے ملنے والی کھلی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی و انٹیلی جنس تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرمجوشی کے ساتھ مناسب وقت پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی ۔



















