پاکستان جوہری طاقت، خودمختاری پر حملہ ہوا تو ہر قیمت پر دفاع کرینگے،اسحاق ڈار


دوحہ: (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان جوہری طاقت،مضبوط افواج ،جدید ہتھیار موجود ،خودمختاری پر حملہ ہوا تو ہر قیمت پر دفاع کریں گے،چاہے کوئی بھی ملک ہو، بطور ایٹمی طاقت پاکستان مسلم امہ کےساتھ کھڑا ہے،اسرائیل کی مذمت کافی نہیں، دنیا کو اب راستہ روکنا ہوگا، غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے۔

الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ چارٹر اور مسلم دنیا کی خودمختاری کےخلاف سنگین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا مسلم دنیا نے صرف بیانات پر اکتفا کیا تو 2 ارب مسلمانوں کی نمائندگی کرنےوالے ممالک اپنی عوام کی نظروں میں ناکام ٹھہریں گے،اسرائیل بے قابو ریاست بن کرایک کے بعد دوسرے مسلم ملک کی خودمختاری کو چیلنج کر رہی ہے،آپ نے لبنان، شام، ایران اور اب قطر پر حملہ دیکھا،روش ناقابل قبول ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کےلئے قطر پر حملہ کیا گیا،صرف قراردادوں ،بیانات کا وقت نہیں ،واضح لائحہ عمل درکار ہے ،پاکستان نے فوری صومالیہ ،الجزائر کےساتھ ملکر سلامتی کونسل میں خصوصی اجلاس طلب کرایا اور جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کو متحرک کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا فوجی اقدام آخری راستہ ہوتا ہے ،پاکستان کی ترجیح ہمیشہ امن، بات چیت و سفارتکاری رہی ،بات چیت ناکام ہو جائے ،جارحیت رکنے کا نام نہ لے تو پھرموثر عملی اقدامات ضروری ہوں گے ،اقتصادی پابندیاں، قانونی چارہ جوئی، یا علاقائی سکیورٹی فورس کی تشکیل بھی شامل ہو سکتی ہے،جوہری طاقت محض دفاعی صلاحیت ہے، کبھی استعمال نہیں کی نہ ہی ارادہ رکھتے ہیں لیکن خودمختاری پر حملہ ہوا تو ہر قیمت پر دفاع کریں گے چاہے کوئی بھی ملک ہو۔

نائب وزیراعظم نے کہا قطر کے دوست وبرادرملک کے طور پر پاکستان نے فعال کردارادا کیا، دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے، قطر پر اسرائیل کا حملہ مکمل طور پر خلاف توقع اقدام ہے، غزہ کے عوام انتہائی مشکلات کا شکار ہیں، وقت آگیا غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے، اشتعال انگیزیوں سے واضح ہے اسرائیل ہرگزامن نہیں چاہتا۔

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان ہمیشہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کا داعی رہا ، مسائل کے حل کیلئے مذاکرات بہترین راستہ ہے،بات چیت کی کامیابی کیلئے سنجیدگی کا ہونا ضروری ہے،سلامتی کونسل میں اصلاحات کی جانی چاہئیں، سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان ،بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم ہوئی، بھارت یکطرفہ طور پر ختم یا معطل نہیں کر سکتا،پانی روکنے کے عمل کو اعلان جنگ تصور کیاجائےگا،بھارت کےساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کےلئے تیار ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں،بھارت کا الزام لگانا باعث حیرت ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا7 تا 10 مئی کے درمیان پاک بھارت جھڑپوں میں پاکستان نے واضح دفاعی برتری دکھائی ،بھارت کا خطے میں سکیورٹی نیٹ کا دعویٰ دفن ہو گیا،افغانستان کےساتھ تعلقات میں بہتری ، تجارت، معاہدوں ، ریلوے منصوبوں میں پیشرفت ہوئی لیکن افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے عناصر کی موجودگی ناقابل قبول ہے ،دہشتگردوں کو پاکستان کے حوالے کیا یا افغانستان سے نکالا جائے۔

اسحاق ڈار نے کہا فلسطین ،کشمیر جیسے تنازعات کی عالمی قراردادوں پر عمل نہیں ہو رہا، اقوام متحدہ کے فیصلے محض کاغذی بن کر رہ جائیں تو پھر عالمی ادارے کی ساکھ کہاں بچتی ہے؟ ، سب سے اہم اور فوری اقدام غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور انسانی امداد کی آزادانہ فراہمی ہے،ہر لمحہ قیمتی ہے، ہر جان کی حفاظت ترجیح ہونی چاہیے۔