ہرجانہ کیس، عمران کے وکیل نے شہباز شریف پر جرح مکمل کرلی

لاہور:(کورٹ رپورٹر)ہرجانہ کیس میں عمران خان کے وکیل نے وزیراعظم شہبازشریف پر جرح مکمل کرلی۔

بانی پی ٹی آئی کےخلاف 10 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے ،عمران خان کے وکیل نے جرح مکمل کر لی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل حسین چوٹیا نے سوال کیا کیا آپ نے جھوٹا ،من گھڑت دعویٰ دائر کیا ؟ شہباز شریف نے جواب دیا جی یہ غلط ہے،بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا آپ کا لیگل نوٹس جعلی و فرضی ہے، کاپی خود ساختہ بنا کر پیش کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا جی یہ بھی غلط ہے،عمران خان کے وکیل نے کہا آپ نے بانی پی ٹی آئی کو لیگل نوٹس بھیجا ہی نہیں، شہباز شریف نے کہا یہ بھی غلط ہے میں نے لیگل نوٹس بھیجا ،وکیل نے شہباز شریف سے سوال کیا کیا بانی پی ٹی آئی نے سیاسی بیان دیا تھا؟ ،شہباز شریف نے کہا بالکل سیاسی بیان نہیں تھا بلکہ ہتک عزت کی گئی،وکیل نے سوال کیا بانی پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ہتک آمیز الفاظ نہیں لکھے،وزیر اعظم نے کہا مجھے علم نہیں ،عدالت نے دیگر گواہوں کو جرح کےلئے 27 ستمبر کو طلب کر لیا۔