لاہور (مشرق نیوز) پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا۔ ووٹنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، پولنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوگا، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے کے باعث اپوزیشن امیدوار مقابلے میں موجود ہیں۔
مسلم لیگ (ن) اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناءاللہ امیدوار ہیں جبکہ اپوزیشن نے اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا ہے، اپوزیشن نے آج ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناءاللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ جیت کیلئے امیدوار کو 182 ووٹ درکار ہیں، اپوزیشن کی امیدوار سلمیٰ اعجاز کو صرف 100 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے۔
ادھر ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی اور کوئی رکن ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر آج کسی رکن نے اسمبلی میں جا کر ووٹ دیا تو وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔واضح رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی 9 مئی کیسوں میں سزا کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پنجاب اسمبلی: سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب آج، اپوزیشن کا ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا اعلان


















