وزرا، حکومتی شخصیات ،اعلیٰ افسروں سمیت پاکستانیوں کا موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی وزرا، حکومتی شخصیات ،اعلیٰ افسروں سمیت پاکستانیوں کا موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک،وزیر داخلہ سے چیئرمین پی ٹی اے تک کا سم ، شناختی کارڈ کی کاپی، بیرون ملک سفر کی تفصیلات دستیاب ،رپورٹ میں اہم انکشاف سامنے آگیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیرداخلہ سے لےکر ترجمان پی ٹی اے تک ہرشخص کا ڈیٹا گوگل پر بیچے جانے کا انکشاف ہوا اور تمام ہی دستاویزات انٹرنیٹ پر موجود ہیں،پی ٹی اے، این سی سی آئی اے سمیت تمام ادارے ڈیٹا کی فروخت پر خاموش ہیں،موبائل لوکیشن500 ،ڈیٹا ریکارڈ تفصیل2000 ، غیرملکی سفرکی تفصیل 5 ہزارمیں دستیاب ہے۔
ذرائع کے مطابق جرائم پیشہ عناصرکسی بھی شہری کا ڈیٹا چند پیسوں میں خرید کر شہریوں کو مصیبت میں پھنسا سکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو معاملے کی تحقیقات و اقدامات کی ہدایت کردی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ کی ہدایت پر این سی سی آئی اے نے کام شروع کردیا ،خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی،ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ڈیٹا لیکج میں ملوث عناصر کا تعین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تحقیقاتی ٹیم 14روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔



















