کسی کو بھی سیلاب متاثرین میں کھانا تقسیم کرنے سے نہیں روکا،عظمیٰ بخاری


لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کسی کو بھی سیلاب متاثرین میں کھانا تقسیم کرنے سے نہیں روکا ،حکومت نے صرف اتنا کہا تقسیم کرنے سے پہلے ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی سے کھانا چیک کرا لیا جائے، بعض جگہوں پر پرائیویٹ افراد کی جانب سے غیر معیاری کھانا تقسیم کرنے کی شکایت ملی۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاکچھ لوگ جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں،سیلاب متاثرین کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں،متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے، معاملے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہامریم نواز ہر جگہ اس لئے خود جا رہی ہیں انتظامیہ کو بھی پتہ ہو کوئی دیکھنے پوچھنے والا ہے، عوام کو معلوم وزیراعلیٰ ہر حال میں ساتھ کھڑی ہے۔