لاہور (مشرق نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے ایشیا کپ کے بعد جونیئر ورلڈکپ کیلئے بھارت نہ جانےکا عندیہ دیدیا۔ لاہورمیں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے ایشیا کپ میں ٹیم کونہیں بھیجا، دسمبر میں بھارت میں ہی جونیئر ورلڈکپ ہورہاہے، اس میں بھی پاکستانی ٹیم کی شرکت مشکل ہے۔
ایشیا کپ میں عدم شرکت سے ورلڈکپ کوالیفائرکا موقع کھونے کے سوال پر طارق بگٹی کا موقف تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کوتمام حالات کا علم ہے کہ پاکستان ٹیم کس وجہ سے ایشیا کپ کھیلنے نہیں گئی۔ اسلئے امید ہے کہ ایف آئی ایچ ہمیں ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے کوئی اور موقع دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرو لیگ کیلئے موقع ملنا پاکستان ہاکی کیلئے اچھا شگون ہے، ہمیں اپنی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے غیرملکی گول کیپنگ کی ضرورت ہوگی، گول کیپنگ کے شعبے کو مضبوط بنانا بہت اہم ہے، اسکے بغیر گزارہ نہیں ہوگا۔
طارق بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کیلئے غیر ملکی گول کیپنگ کوچ رکھنا چاہتے ہیں اس معاملے پر بھی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ غیرملکی کوچ بہت زیادہ معاوضہ مانگتے ہیں، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ فیڈریشن اپنے طورپر ان کو تنخواہ دے سکے، جب حکومت غیر ملکی کوچز کیلئے حامی بھرے گی تو پھر کسی سے بات کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ پرولیگ کیلئے فنڈز دینے کیلئے وزیر اعظم ،آئی پی سی اور پی ایس بی کے شکر گزار ہیں، ہمارا موقف ہے کہ پرو ہاکی لیگ کے فنڈز پاکستان سپورٹس بورڈ کے پاس ہی رہیں اور وہ ہی تمام اخراجات کرے تاکہ اس معاملے میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
پی ایچ ایف کا جونیئر ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا عندیہ



















