راولپنڈی: (بیورورپورٹ) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے بلوچستان میں آپریشن معصوم عوام نہیں،دہشتگردوں ،سہولت کاروں کیخلاف ہے۔
آئی ایس پی آر کے زیراہتمام انٹرن شپ پروگرام کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے طلبہ کےساتھ خصوصی نشست کی، پاکستان ،خاص طور پر بلوچستان پر سیر حاصل گفتگو ہوئی،ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوالات کے مفصل جوابات بھی دئیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا کسی علاقے کو خالی کرکے واپس جانے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، عوام کی شراکت سے ہی کامیابی ممکن ہے، کوئی شہری دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے یا گھر میں بارودی مواد رکھتا ہے تو نتائج بھگتنا ہوں گے،کسی بھی علاقے میں آپریشن تب کامیاب ہوتا ہے جب عوام خود دہشتگردوں کی نشاندہی کریں ایسا نہیں فوج کسی علاقے کوخالی کرائے اور آپریشن کرے ایسی صورت میں جب فوج واپس جائے گی تو دہشت گرد پھر آجائیں گے، بڑی سمجھداری کےساتھ سب کچھ کرنا ہوگا اسی لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا نام دیا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاایک شخص کی دہشتگردی کی سزا پورے علاقے یا گاوں کو نہیں دی جاسکتی، دہشتگردی کےخلاف عوام نے خود کھڑا ہونا ہے اور وہ کھڑے ہو رہے ہیں، بلوچستان کے عوام بتا رہے ہیں یہاں دہشتگرد،سہولت کار ہے، صوبے کے عوام دہشتگردوں سے عاجز ،تنگ آچکے ،آپ بلوچستان جائیں اور دیکھیں بلوچ عوام کس قدر سمجھدار ،دور اندیش لوگ ہیں،کیمبرج یونیورسٹی سے بلوچستان کے مایہ ناز سائنسدان صمد یار جنگ بلیدہ سکول کے فارغ التحصیل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں ،بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا نوجوان، بچے اور خواتین اب اپنے علاقے و تقدیر کے مالک بن رہے ہیں،بلوچستان کی آبادی میں متنوع لسانی گروہ شامل ہیں مگر سب کا مقصد پاکستان کی خدمت ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان ، صوبے کے درمیان تعلق کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں،عوام ،انتظامیہ کے تعاون سے ہی بلوچستان میں دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا میجر انور کاکڑ شہید بہت شاندار افسر ،دھرتی کے عظیم بیٹے تھے، پی سی ہوٹل ،گوادر حملے میں کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، پاکستان کو آزاد رکھنے کیلئے ہر روز فوجی افسر، جوان و شہری قربانی دے رہے ہیں،بلوچستان میں سارے بلوچ نہیں ،30 فیصد سے زائد پختون ہیں۔
بلوچستان میں آپریشن دہشتگردوں ،سہولت کاروں کیخلاف ہے،ترجمان پاک فوج



















