ریلوے کا جدید ترین بزنس ٹرین متعارف کرانے، 11 پرائیویٹائز کرنے کا فیصلہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز نے مسافروں کی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی حامل بزنس ٹرین متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر اعظم شہباز شریف جدید ٹرین کا افتتاح 19 جولائی کو لاہور سٹیشن پر کریں گے۔ریلوے حکام کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان پہلے سے چلنے والی پاک بزنس ٹرین کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو 28نئی ڈیجیٹل چائنیز کوچز پر مشتمل ہو گی، جدید بزنس ٹرین میں مسافروں کی سہولت کیلئے مفت وائی فائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کردہ ڈائننگ کار شامل ہو گی۔ٹرین کے کرایہ میں اضافہ کیا جائے گا یا نہیں اس حوالے سے ریلوے حکام کی جانب سے تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان ریلویز اپنے نظام کو بھی جدید کر رہی ہے، اس حوالے سے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ اور لائیو ٹریکنگ ایپ کو مزید اپ گریڈ کر رہی ہے۔اسی طرح لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کی سہولت کیلئے ایسکلیٹرز (برقی سیڑھیاں)نصب کر دی گئی ہیں، وزیر ریلوے نے 40ریلوے سٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت بطور پائلٹ پراجیکٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ دوسری طرف محکمہ ریلوے نے 11ٹرینیں پرائیویٹائزکرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان ریلوے نے ایک بار پھر ٹرینوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے چلانے کی کوششیں شروع کر دیں ، محکمہ ریلوے نے اپنی 11ٹرینیں آﺅٹ سورس کرنے کا اشتہار جاری کر دیا جس کے مطابق ٹرینوں کی ٹیکنیکل بڈ 12اگست کو کھولی جائے گی۔ترجمان ریلویز کے مطابق محکمہ ریلوے نے بہترسفری سہولیات اورریونیو میں اضافے کیلئے ٹرینیوں کو پرائیویٹائزکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اشتہار میں جن ٹرینوں کو آﺅٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں ہزارہ ایکسپریس، ملت ایکسپریس، بہاﺅالدین زکریا ایکسپریس، سبک خرام، تھل ایکسپریس، راول ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس، راوی ایکسپریس، موہنجو داڑو پسنجر اور فیض احمد فیض پسنجر شامل ہیں۔اس سے قبل بھی 11ٹرینوں کو آﺅٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن صرف 2کمپنیوں نے ایک ہی ٹرین شالیمار لینے کیلئے بڈز جمع کروائے تھے جبکہ 10ٹرینوں کیلئے کسی کمپنی نے ریلوے کو اپنی بڈ جمع نہیں کروائی تھی۔