صدر ٹرمپ نے امن کا دروازہ کھولا، بھارت کاانکار جنگی ذہنیت کا ثبوت ہے،محسن نقوی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے 13 جولائی 1931کو اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،13 جولائی 1931 مظلوم کی زبان بند کرنےوالے نظام کےخلاف حریت ضمیر کی پہلی گھنٹی تھی۔

محسن نقوی نے کہاڈوگرہ راج کی بندوقیں اور بھارتی ریاست کا تشدد دونوں ایک ہی ظلم کی مختلف شکلیں ہیں،مقبوضہ کشمیر میں عقائد، شناخت، رائے اور مزاحمت کو ریاستی طاقت سے کچلنا انسانی وقار کی تضحیک ہے،مودی حکومت بھی ڈوگرہ راج کی طرح کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات کر رہی ہے، بھارتی ریاستی پالیسی کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور صحافیوں کی خاموشی سے انسانیت کو شرمسار کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا صدر ٹرمپ کی ثالثی تجویز نے امن کا دروازہ کھولا، بھارت نے انکار کر کے دروازہ خود بند کیا، امن سے انکار جنگی ذہنیت کا ثبوت ہے،شہدا کے لہو سے اٹھنے والی آزادی کی پکار کو بندوق، قید یا کرفیو سے دبایا نہیں جا سکتا ،پکار نسلوں تک زندہ رہے گی،یومِ شہداکشمیر تجدید عہد کا دن ہے پاکستان کشمیریوں کے حق آزادی کا محافظ ،علمبردار اور ضامن بھی ہے۔