اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گرفتاریاں ممکن نہیں ہیں، ایسا نہیں ہونے والا۔ اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ صرف پارلیمنٹیرینز لاہور جا رہے ہیں، ہمارا پنجاب والوں سے رابطہ ہے وہ بھی پارلیمنٹیرینز ہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔ اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ قافلہ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل ہے، ہم امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جارہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ یہ احتجاج نہیں محض اظہار یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے، ہم یہ بتانے جا رہے ہیں کہ جمہوری نمائندوں کے ساتھ ہیں۔
صرف پارلیمنٹیرینز لاہور جا رہے،گرفتاریاں ممکن نہیں: بیرسٹر گوہر



















