وزیراعظم کئی سیکرٹریز سے ناخوش،زرعی پیداوار میں اضافےکا لائحہ عمل طلب

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف وزارت تجارت،صنعت و پیداوار اور اطلاعات سمیت کئی وزارتوں کے سیکرٹریز سے ناخوش،7وزارتوں کے سیکرٹریزنجی شعبے سے لینے کی ہدایت کر دی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باقاعدہ اشتہار جاری کردیا،پرنسپل اکاو¿نٹنگ افسرز،ٹیکنیکل ایڈوائزرز اور مختلف اداروں کے سربراہوں کےلئے درخواستیں طلب کرلی گئیں،اہم عہدوں پر تعیناتیاں 2 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر ہوں گی،نئی پالیسی کے تحت گریڈ 22کے افسروں کو بھی پرکشش ملازمت لینے کا موقع دیا جائےگا،بھرتی ہونےوالے افسروں کو بھاری تنخواہیں اور مراعات دی جائیں گی،اہلیت کےلئے کم از کم ماسٹرز،20 سال کا تجربہ اور 12 سال سینئر سطح پر خدمات کی شرط رکھ دی گئی،امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 60 سال ہوگی، مزید رعایت بھی دی جا سکے گی۔

وزیراعظم ہاوس کے مطابق حکومتی اقدام سے نظام کوموثر، فعال و جدید بنایا جاسکے گا،بہترین ماہرین کو راغب کرنے کیلئے تنخواہیں ،مراعات مارکیٹ ریٹس کے مطابق ہوں گی۔

دریں اثنا دوران اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی پیدوار میں اضافے اور اصلاحات کیلئے جامع لائحہ عمل طلب کرتے ہوئے کہا زرعی شعبے کی پیداوار میں بہتری، ویلیو ایڈیشن اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ترجیح ہے، جدید زرعی مشینری، معیاری بیج، فصلوں کی جغرافیائی منصوبہ بندی ،کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کا طویل و قلیل مدتی جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

شہبازشریف نے کہازرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے زرعی شعبے کے تحقیقی مراکز کو مزید فعال،زرعی تحقیقی مراکز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید تحقیق کو یقینی بنایا جائے،زراعت میں مصنوعی ذہانت ،جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات سے استفادہ حاصل کیا جائے، موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاو کیلئے کلائیمٹ رزسٹینٹ بیج اور زراعت کے جدید طریقہ کار اپنانے میں کسانوں کی معاونت کی جائے۔