پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا اعلامیہ کالعدم ،پشاور ہائیکورٹ نے دوبارہ سیٹوں کی تقسیم تک حلف برداری سے بھی روکدیا،عدالت عالیہ نے ن لیگ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
2 صفحات پر مشتمل جاری فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیت دونوں اعلامیے کالعدم قرار دے دئیے،فیصلے میں کہا گیا الیکشن کمیشن 10دن کے اندر تمام امیدواروں ، سیاسی جماعتوں کو سنے اورسیٹوں کی دوبارہ ایلوکیشن کرے،الیکشن کمیشن کے فیصلے تک مخصوص نشستوں پر حلف نہ لیا جائے۔
عدالت عالیہ نے کہا الیکشن کمیشن ن لیگ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ،اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کو سن کر دوبارہ نشستیں تقسیم کرے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستیں حصے کے مطابق لینے کی متفرق درخواست پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
دریں اثنا مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے فضل الرحمن اور اپوزیشن جماعتیں اخلاقی جرات دکھائیں اور مخصوص نشستیں لینے سے انکار کریں، قانون اور عدالت تو 26ویں آئینی ترمیم میں جکڑی ہوئی ہیں لیکن اخلاقی جرات 26ویں آئینی ترمیم سے آزاد ہے، مخصوص نشستیں صرف اور صرف پی ٹی آئی کا حق ہیں جنہیں عدالتی فیصلے نے نیلامی پر لگا دیا ، پہلے فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا اب مخصوص نشستیں بھی دوسروں میں بانٹی جا رہی ہیں۔
کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا اعلامیہ کالعدم



















