پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے روکدیا

پشاور: (بیورورپورٹ) پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے روکدیا۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کی درخواست پر جسٹس ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی،وکیل درخواست گزار سلطان خان ایڈووکیٹ نے کہا الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی کیلکولیشن ٹھیک طریقے سے نہیں کی، جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا آپ نے مخصوص نشستوں کےلئے فہرست جمع کی؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا جی ہم نے جمع کی،جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیئے یہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے پھربھی سیٹیں نہیں ملیں؟۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا پی ٹی آئی نے الیکشن نہیں لڑا، یہاں آزاد امیدوار تھے، پی ٹی آئی پی کو دو اور خواتین کی نشستیں ملنی چاہئیں جبکہ اقلیتوں کی ایک نشست بھی پی ٹی آئی پی کا حق ہے، مخصوص نشستوں پر خواتین سے حلف نہ لیا جائے،دلائل سننے کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا آئندہ سماعت تک ممبران سے حلف نہ لیا جائے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری روک کر زبردست فیصلہ کیا ، معاملے پر قانونی راستہ اختیار کررہے ہیں،پنجاب اسمبلی میں ارکان کو بولنے نہیں دیا جا رہا، پنجاب میں احتجاج کا حق نہیں۔