کالا قانون 37 اے اے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنے کا نظام ،اعتماد بھی مجروح کریگا :کاروباری برادری

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف تجارتی و صنعتی تنظیموں نے شق37 اے اے کو مکمل طور پر مسترد کردی اور کالا قانون قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔ لاہور چیمبر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور دیگر اہم تجارتی و صنعتی نمائندگان نے خطاب کیا۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ شق ٹیکس حکام کو محض شک کی بنیاد پر کسی بھی ٹیکس دہندہ کو گرفتار کرنے کا اختیار دیدیتی ہے چاہے اس کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہ ہوں۔ شق کاروباری برادری کے سر پر ہر وقت لٹکتی تلوار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شق سے پہلے ہی ٹیکس فراڈ کی تعریف کو اتنا وسیع کر دیا گیا تھا کہ اب معمولی اکاونٹنگ غلطی جرم کے زمرے میں آتی ہے۔ اب اسکے ذریعے ایف بی آر کے افسران کو بلا روک ٹوک اختیارات دیدئیے گئے جو ہراسانی اور استحصال کا سبب بنیں گے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کاروباری برادری شق کو مکمل طور پر مسترد اور خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔ ایسے وسیع اختیارات نہ صرف انصاف کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ آئینی حقوق کو بھی پامال کرتے ہیں۔ یہ قانون سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کریگا اور نظام پر اعتماد کو مجروح کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیوں کی ساکھ داو پر لگی ہوئی ہے اور محض شک کی بنیاد پر گرفتاریاں نہ صرف بدنامی کا سبب بنے گی بلکہ بڑے کاروباری اداروں کی کارکردگی کو بھی شدید متاثر کرے گی۔انہوں نے کہا کاروباری برادری کے شدید رد عمل کے بعد حکومت نے شق میں ترمیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹیکس نقصان 5 کروڑ روپے سے زائد ہو تو تین رکنی کمیٹی کی منظوری کے بعد گرفتاری ہو سکے گی تاہم لاہور چیمبر نے اس ترمیم کو بھی ناقابل قبول قرار دیا او رکہا کہ اس کے باوجود قانون سخت اورغیر منصفانہ ہے۔ بغیر ٹھوس ثبوت اور عدالتی نگرانی کے گرفتاری کا اختیار دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ نائب صدر لاہور چیمبر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ ہم ہمیشہ کاروبار دوست پالیسیوں کے حامی رہے ہیں لیکن اس جیسے قوانین پہلے سے مشکلات کا شکار معیشت کیلئے نئے چیلنجز پیدا کریں گے۔سابق صدور میاں انجم نثار اور محمد علی میاں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر شق کو واپس لے۔جب تک کاروباری رہنماوں کو سکھ کا سانس نہیں لینے دیا جائے گا تب تک پاکستان بجٹ میں طے کردہ معاشی اہداف حاصل نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.2 فیصد اور ایکسپورٹس کا ہدف 35.3 ارب ڈالر رکھا ہے لیکن ایسے قوانین ان اہداف کے حصول کو ناممکن بنا دیں گے۔پریس کانفرنس کے شرکاءنے کہا کہ ہم مجرم نہیں بلکہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہمیں ہراساں کرنے کے بجائے معیشت کی بحالی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی معاشی استحکام چاہتی ہے تو اسے ایسے ظالمانہ قوانین کو واپس لینا ہوگا اور اعتماد پر مبنی ٹیکس نظام رائج کرنا ہوگا۔