آپ دباو ڈالنا چاہتے ہیں،جسٹس سرفراز کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے190 ملین پاونڈز کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ مجھ پر دباو ڈالنا چاہتے ہیں۔
عمران،بشریٰ کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس آصف نے کی،دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا وہ کل ہی کیس میں پراسیکیوٹر مقرر ہوئے ہیں،اہم کیس کو سمجھنے کےلئے 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے، کبھی کیس کا حصہ نہیں رہے، مناسب موقع دیا جانا شفافیت کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا نیب کی جانب سے مسلسل التوا کی روش اپنائی جا رہی ہے، نیب کے وکیل رافع مقصود نے 5 جون کو بھی کہا تھا وہ بحث نہیں کریں گے، کیس عام نہیں، خاتون کو بھی سزا دی گئی، عدالتوں کا عمومی رویہ ہوتا ہے کہ خواتین کو سزا معطل کی جاتی ہے، اپنا کیس شروع کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ دلائل پیش کر سکیں اگر آپ نے کیس بنایا ہے تو آئیں اور کھیلیں، سپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا بالکل کھیلیں گے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے وکلا اور عدالت میں موجود دیگر افراد کو تنبیہ کی کہ وہ عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں اور عدالت پر غیر ضروری دباونہ ڈالیں، بیرسٹر سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس نے کہا آپ مجھ پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں، علیمہ خان نے عدالتی عملے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جج صاحب کو کہیں انتظار کر رہے ہیں، بڑی مہربانی ہو گی اگر آئندہ کی تاریخ دےدیں ،عدالت نے جواب دیا تحریری آرڈر میں آئندہ تاریخ دی جائے گی،عدالت نے نیب کی جانب سے کیس کی تیاری کےلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔



















