11 خوارج ہلاک، ابھی نندن کو گرفتارکرنے والے میجرسمیت 2جوان شہید

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)جنوبی وزیرستان میں آپریشن، 11 خوارج جہنم واصل،بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتارکرنے والے میجر معیزسمیت 2جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر کیاگیا،سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا ،آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج جہنم واصل ،7 زخمی ہوگئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا میجر معیز شہید کو متعدد آپریشنز میں خوارج کےخلاف جرات مندانہ کارروائیوں اور بہادری کیلئے جانا جاتا تھا،37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق چکوال سے ہے جبکہ 27 سالہ شہید لانس نائیک جبران ضلع بنوں کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہاسکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونےوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادرسپوتوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔