مو ثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لےکر جائیں گے:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے خوشحالی کے سفر کا آغاز معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ،مو ثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لےکر جائیں گے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کےلئے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے،ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے،برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کےلئے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے،ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے، ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں، مو ثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے، صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کےلئے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے کی تعمیر میں 100فیصد شفافیت یقینی بنانے جائے،کمپلیکس خطے کیلئے بہترین طبی سہولیات ،جدید ترین طبی تحقیق کیلئے آلات سے لیس ہسپتال ہوگا، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر بارے جائزہ اجلاس میں شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیاجناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کئے گئے جن میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے کمپلیکس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 600کنال اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے، ماہرین کی تعیناتی کیلئے بین الاقوامی سطح پر اشتہار دیا جا چکا ۔

ادھر وزیراعظم سے پاکستان میں عالمی بینک کے سبکدوش ہونیوالے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے ملاقات کی،شہباز شریف نے کہا ورلڈ بینک کی جانب سے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کیلئے پاکستانی حکام کیساتھ تعاون و محنت پر ناجی بن حسائن کے کردار کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد کیا جائےگا،ناجی بن حسائن نے کہا شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں انقلابی تبدیلی، استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات قابل تحسین ہیں، شہباز شریف محنتی لیڈر ہیں ، مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کو بچایا۔