برسلز :(مشرق نیوز)چیئرمین پی پی وپارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان امن کا خواہاں ، مسئلہ کشمیر ،دہشت گردی کا کوئی فوجی حل نہیں، سفارتکاری اور مذاکرات ہی حل ہیں۔
برسلز میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پہلگام واقعہ پر بھارت نے شفاف تحقیقات کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کیا، امن کی بات کرنے کےلئے آیا ہوں، پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں،پاکستان جامع مذاکرات پر یقین رکھتا، بھارت مذاکرات سے انکاری ہے، کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مذاکرات اور سفارتکاری ہی ہے ، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ، بھارت پانی بند کرنے کی دھمکی دے کر پاکستان کو اشتعال دلا رہا ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا پاکستان بات چیت کے ذریعے مسئلے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے مگر بھارت ہر بار بات چیت اور مذاکرات سے فرار اختیار کرتا ہے، مذاکرات نہیں ہوں گے تو کشیدگی میں دن بدن اضافہ ہوگا، ایٹمی طاقتیں ہونے کے باوجود پاکستان اور بھارت میں کشیدگی تیزی سے بڑھی، سلامتی کونسل میں کشمیر پر بات کی ہے، پاکستان نے کہا تھا کسی بھی شفاف تحقیقات کا حصہ بننے کےلئے تیار ہیں، پاک بھارت جنگ ختم ہو گئی مگر امن قائم نہیں،تیسری عالمی جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
پاکستان امن کا خواہاں ،جنگ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں:بلاول بھٹو

















