ریاستی ستون نے پاکستان میں مصنوعی بحران پیدا کیے: احسن اقبال

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے 10 مئی کی کامیابی کو برقرار رکھنے کیلئے مضبوط معیشت کھڑی کرنا بھی ضروری ہے،پاکستان میں مصنوعی بحران ریاستی ستون نے پیدا کیے، ملک کے سیاسی بحران کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی عدلیہ کی جانب سے پیدا کیے گئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا پاکستان میں 2017 سے عدلیہ کو سیاست میں ملوث کرنے کا سلسلہ شروع ہوا، یہی بات 26 آئینی ترمیم کی وجہ بنی،سپریم کورٹ نے ایسے فیصلے کیے جو سپریم کورٹ کو ہی درست کرنے پڑے، پاکستان میں بحران مصنوعی تھا جو ریاست کے کسی ایک ستون نے پیدا کیے، ملک کے سیاسی بحران کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی عدلیہ کی جانب سے پیدا کیے گئے، سب متفق ہیں ملک کو استحکام کی طرف لے کر جائیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر کہہ چکے وہ خود کو سیاست سے الگ رکھتے ہیں، عدلیہ کا کندھا بھی کسی سیاسی جنگ کےلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا28 مئی کو جہاں کھڑے تھے، 10 مئی کو بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کیا، بھارت کےخلاف 10 مئی کی کامیابی میں بھی ٹیکنالوجی کا اہم کردار تھا،ہم نے اڑان پاکستان کا منصوبہ بنایا ، دفاع میں ٹیکنالوجی کا اہم عنصر شامل ہوچکا ، ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کاسفر دیکھا ہے، آج پرائمری سکولوں میں ٹیبلیٹس پہنچ چکے ہیں، ڈیجیٹل ریوولوشن آنےوالے وقت میں مزید تبدیلیاں دکھائے گی، 2017 میں نواز شریف کو نااہل کرنے کے فیصلے نے ملک کو سیاسی بحران کی طرف دھکیلا،اقتصادی پالیسیوں کےساتھ موافق ماحول نہیں ملتا تو پالیسیاں فیل ہو جاتی ہیں،معیشت کے میدان میں بھی اپنے حریف کو چت کریں گے۔