جدید دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے آئی ٹی جیسے شعبوں میں مہارت ناگزیر ہے: حافظ نعیم الرحمن

ساہیوال (بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی الخدمت فاو¿نڈیشن کے زیراہتمام ”بنو قابل“ پروگرام کے تحت ساہیوال میں تاریخ کا سب سے بڑا آئی ٹی انٹری ٹیسٹ 26 مئی 2025 کو منعقد ہوا جس میں 15 ہزار سے زائد نوجوان طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔یہ پروگرام طیب محمود بلوچ امیر جماعت اسلامی ضلع ساہیوال کی قیادت میں ساہیوال کے نوجوانوں کو آئی ٹی میں مہارت دیکر باصلاحیت اور خود کفیل بنانے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔ امیدواروں کی آمد کیلئے سینکڑوں بسوں اور دیگر سواریوں کا انتظام کیا گیا جبکہ جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان الخدمت فاو¿نڈیشن کے سینکڑوں رضاکاروں نے نظم و ضبط، رہنمائی اور خدمت کا مثالی مظاہرہ کیا۔ ٹیسٹ انتہائی منظم، شفاف اور کامیاب انداز میں مکمل ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کا نوجوان صرف پڑھنے والا نہیں بلکہ انقلاب برپا کرنے والا ہو۔ اگر ہمیں جدید دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو آئی ٹی جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ”بنو قابل“ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ نوجوان اسلام، پاکستان اور والدین سے محبت کریں، اخلاقی اقدار کو تھامیں اور قوم و ملت کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے قوم سے اپیل کی کہ فرقہ واریت، قوم پرستی اور برادریوں کی بنیاد پر تقسیم سے نکل کر دین کی بنیاد پر اتحاد قائم کریں، اور غزہ و کشمیر کے مظلوموں کی آواز بنیں۔یومِ تکبیر کی مناسبت سے انہوں نے اعلان کیا کہ "ہم 28 مئی کو یومِ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے طور پر منائیں گے۔ وہ پاکستان کے محسن اور قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کا نام عزت، غیرت اور خودداری کی علامت ہے۔"اس موقع پر "بنو قابل" پروگرام کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ یہ الخدمت فاو¿نڈیشن کا ملک گیر فلاحی تعلیمی منصوبہ ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو انٹری ٹیسٹ کے بعد میرٹ کی بنیاد پر مفت آئی ٹی کورسز کروائے جاتے ہیں جن میں ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ایمازون، ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت جدید ہنر شامل ہیں۔ قبل ازیں یہ پروگرام کراچی، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں کامیابی سے منعقد ہو چکا ہے، جہاں ہزاروں نوجوان تربیت حاصل کر کے فری لانسنگ اور آن لائن روزگار کے ذریعے خود کفالت کی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں۔ ساہیوال میں ہونے والا یہ تاریخی ٹیسٹ اس سلسلے کی تازہ ترین اور اہم کڑی ہے۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل الخدمت فاو¿نڈیشن وقاص جعفری، اور امیر جماعت اسلامی ضلع ساہیوال طیب محمود بلوچ نے بھی خطاب کیا۔طیب محمود بلوچ نے کہا کہ تعلیم کا مسئلہ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پونے تین لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، اور غریب والدین کیلئے تعلیم اب ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔ "بنو قابل" جیسے مفت کورسز ان بچوں اور نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، اور آج بھی ہمیں مل کر تعلیم، خود انحصاری اور قومی خدمت کی راہ اپنانی ہو گی۔آخر میں طلبہ سے وعدہ لیا گیا کہ وہ صرف خود تعلیم یافتہ نہیں بنیں گے بلکہ مفت تعلیم کے مشن کو دوسروں تک بھی پہنچائیں گے، تاکہ یہ علم کا سفر رکے نہیں بلکہ نسل در نسل جاری رہے۔