تنخواہ دار طبقے کو تمام سلیبز پر ریلیف دیا جائے:جماعت اسلامی
لاہور:( اپنے نمائندے سے)جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ” پری بجٹ سیمینار“ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور صدر پاکستان اکنامکس فورم مرزا عبدالرشید، ماہر معاشیات و اکانومسٹ مرزا منور حسن، ناصر گلزار ایف سی اے، ڈاکٹر میاں اکرم مصنف، سوشل ایکٹوسٹ و سکالرنے کہا ہے حکومت نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو تمام سلیبز پر ریلیف دیا جائے،بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھانے کی بجائے کم کی جائیں، عام آدمی کو ریلیف دیکر وڈیروں، جاگیرداروں اور امیرطبقے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے ، تعلیم، صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرے۔
مقررین نے کہا بجٹ میں کسانوں کو ریلیف دیا جائے، صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے اقدامات کیے جائیں،حکمران کو قرض لینے کی لت پڑی چکی ہے، حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کے ریلیف کیلئے کوئی جامع پالیسی سرے سے ہی موجود نہیں، کسان، تاجر، ڈاکٹر اور عام آدمی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے پریشان ہیں،تمام سیاسی جماعتیں عیاشیاں چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ، اقتدار سے قبل بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں۔

















