بھارتی بائیکاٹ مہم پر پاکستان کا آذربائیجان سے اظہار یکجہتی


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بھارتی بائیکاٹ مہم پر پاکستان نے آذربائیجان سے یکجہتی کا اظہار کردیا ،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفارت خانے جاکر سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات کی اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

عبدالعلیم خان نے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاحتی ویزے منسوخ کرنا اور سوشل میڈیا مہم چلانا بھارتی ہیجان کی عکاسی ہے، آذربائیجان کو صرف پاکستان سے دوستی کے باعث نشانہ بنایا گیا،پاکستان بھی آذربائیجان کےساتھ کاندھے سے کاندھا ملاکر چلے گا، آذربائیجان کی بزنس کمیونٹی کےلئے اسلام آباد میں چیمبر آف کامرس بنایا، پاکستان سے ڈائریکٹ فلائٹ کے آذربائیجان کی سیاحت پر مثبت اثرات ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہادونوں ممالک گہرے مذہبی، ثقافتی اور دوستانہ تعلقات سے جڑے ہیں، ایک دوسرے کےساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے،سفیر آذربائیجان خضر فرہادوف نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا آذربائیجان نے اصولی موقف اپناتے ہوئے پاکستان کا ساتھ دیا، 10 مئی کی کامیابی پر آذربائیجان کے عوام میں جوش و خروش دیدنی تھا، بھارتی حکومت پاکستان دشمنی کیلئے شوبز انڈسٹری کا سہارا لے رہی ہے۔