لاہور( نعیم جاوید ) گندم کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری آئٹم سستی نہ کرنے پر تاجر تنظیموں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈبل روٹی، رس، کیک، مٹھائی، بسکٹ اور دیگر بیکری آئٹم کی قیمتوں میں کم از کم 50 فیصد کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنما ناصر حمید خان، میاں سلیم، وقار احمد میاں، راجہ وسیم ، فاران سعید بٹ اور عمر قریشی نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح آٹا اور میدہ بھی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے مگر بیکری آئٹم کی قیمتوں میں ایک فیصد بھی کمی نہیں کی گئی جو کہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کو اس بات کا فوری نوٹس لینا چاہئے کہ بیکری آئٹم میں کمی کیوں نہیں کی گئی۔ مارکیٹ میں مختلف کمپنیوں کے فروخت ہونے والے بسکٹس میں کسی کمپنی نے پیکٹ میں تعداد کم کردی تو کسی نے وزن میں کمی کی تاہم حالیہ دنوں میں میدہ اورآٹا سستا ہونے کے باوجود بیکری مالکان کی جانب سے ڈبل روٹی اور دیگر مذکورہ مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے انکار کردیا ہے جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیکری مالکان کو لگام ڈالنے والا کوئی نہیں جن کی جانب سے من مرضی کرکے قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا رہا۔ اس دوران آٹا مہنگا ہونے کو جواز بنا یا گیا تاہم اب گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود ڈبل روٹی اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جارہی۔
گندم سستی ہونے کے باوجود بیکری آئٹم کی گرانی پر تاجر تنظیموں کا اظہار تشویش

















