نئے بجٹ پر مذاکرات کا دوسرا مرحلہ، نان فائلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)حکومتی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان نئے بجٹ سے متعلق مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جبکہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے کو نان فائلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی یقین دہانی کرادی،رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے پاکستان کی معاشی ٹیم میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ کمیشن، اکنامک افیئرز ڈویژن اور وزارت پٹرولیم کے حکام شامل ہیں، آئی ایم ایف وفد کےساتھ آمدن اور اخراجات پر حتمی مذاکرات ہوں گے، تنخواہ دار طبقے کےلئے انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر بھی بات چیت ہوگی، حکومت سالانہ 10 سے 12 لاکھ تنخواہ لینے والوں کو ٹیکس فری کرنے کی کوشش کرے گی،ذرائع نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر انکم ٹیکس میں ریلیف کی کوشش کرے گا، مذاکرات 23 مئی تک جاری رہیں گے، 22 مئی تک تمام بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی،مذاکرات کے دوران حکومت نے آئی ایم ایف کو نان فائلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے جس کے تحت نان فائلرز کیلئے گاڑیاں، جائیداد کی خریداری پر پابندی ہوگی، نان فائلرزمالی لین دین کی ٹرانزیکشن نہیں کرسکیں گے،ذرائع ایف بی آر نے کہا نئے بجٹ میں نان فائلرز کیلئے آسانی نہیں بلکہ مزید سختی ہوگی، ٹیکس سسٹم سے نان فائلرز کی کیٹگری ختم کرنے پر کام جاری ہے، آئی ایم ایف کو بریفنگ دی گئی تاجر دوست سکیم اپنے اہداف پورے نہیں کر سکتی، غیر رجسٹرڈ دکانداروں پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کے مثبت نتائج ملے، تاجروں، ہول سیلرز کیٹگری میں فائلرز کی تعداد میں 51 فیصد اضافہ ہوا، ٹیکس نادہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی ڈیٹا کا تجزیہ جاری ہے،ذرائع ایف بی آر نے کہا ٹیکس نظام کو مو¿ثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور میں کمپلائنس رسک مینجمنٹ سسٹم فعال کر دیا گیا، نظام کو کارپوریٹ ٹیکس یونٹس تک بھی موثر توسیع دی جائے گی،پاکستان اور عالمی مالیاتی ٹیم کے درمیان آئندہ مالی سال2025-26 سے متعلق پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، وفد کے ساتھ آمدنی اور اخراجات سمیت بجٹ تخمینہ جات پر حتمی مذاکرات ہوں گے،آئی ایم ایف کا وفد 22 مئی تک بجٹ کے حوالے سے مذاکرات کےلئے اسلام آباد میں قیام کرے گا، آئی ایم ایف ٹیم سے بجٹ پر مذاکرات میں وزارت خزانہ، ایف بی آر اور پلاننگ کمیشن کے حکام شامل ہیں،آئی ایم ایف وفد کے ساتھ اسٹیٹ بینک حکام کے بھی مذاکرات ہوں گے۔

اسلا م آباد (بیورورپورٹ)وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2025-26کے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.4 فیصد، زرعی شعبے کا ہدف 4.8 فیصد اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کئے جانے کا امکان ہے،بجٹ کی تیاریوں کے نیشنل اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس جبکہ اے پی سی سی کا اجلاس اگلے ہفتے ہوگا،اے پی سی سی کی منظوری کے بعد قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت مئی کے آخر پر ہوگا جس میں اگلے مالی سال کیلئے پی ایس ڈی پی اور سالانہ ترقیاتی منصوبے سمیت اگلے مالی سال کیلئے معازشی اہداف کی منظوری دی جائے گی،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2025-26کیلئے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے جبکہ زرعی شعبے کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے،اسی طرح صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 4.3 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال2024-2025 کیلئے جی ڈی پی کا ہدف 3.6 فیصد، زرعی شعبے کی پیداوار کا ہدف دو فیصد مقرر کیا گیا تھا۔