بھارتی طیاروں کی تباہی کے ناقابل تردید شواہد منظرعام پر آگئے

راولپنڈی :(بیورورپورٹ) پاک فضائیہ کی زبردست کارروائی، بھارتی طیاروں کی تباہی کے ناقابل تردید شواہد منظرعام پر آگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے 9 مئی کو بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کیا،6 ،7 مئی کی رات پاک فضائیہ ،بھارتی طیاروں کے درمیان طویل فضائی معرکہ ہوا، ایک گھنٹے سے زیادہ فضائی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے، تباہ کئے جانے والے بھارتی طیاروں میں 3 جدید رافیل طیارے، 1 مگ 29 اور ایک SU-30 شامل تھے۔

بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے طیارے گرنے کی خبر سے انکار کیا حالانکہ کچھ بھارتی میڈیا چینلز نے طیارے گرنے کی خبروں کی تصدیق کی تھی جو بعد میں مودی حکومت نے ہٹوا دیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اور سینئر ایئر فورس افسر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی رافیل طیارے گرانے کے ناقابل تردید شواہد پیش کئے، ثبوتوں میں بھارتی طیاروں کے نمبرز ، تباہ ہونے کی لوکیشنز بھی دکھائی گئیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا بھارت کے مطابق کوئی طیارہ نہیں گرا جبکہ بھارتی میڈیا خود طیارہ گرنے کی خبروں کی تصدیق کر رہا ہے، طیارہ گرنے کی پہلی خبر ”انڈیا ٹوڈے“ نے جموں و کشمیر کے علاقے پامپور سے دی، انڈیا ٹوڈے نے مقبوضہ کشمیر کے 3 علاقوں میں طیارے گرنے کی تصدیق کی، بھارتی فضائیہ کے طیارے گرنے کی فوٹیجز میں طیاروں کا ملبہ بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا فوٹیج میں گرائے جانے والے طیارے کی ”ٹیل“ بھارتی 17 گولڈن ایرو اسکاڈرن کے رافیل BS-001 کی ہے جبکہ فوٹیج میں تباہ ہونے والے طیارے کا انجن بھی دکھایا گیا، 21 ویں صدی میں رہ رہے ہیں نہ کہ 18ویں صدی میں ،ہر چیز اپنا نشان چھوڑ جاتی ہے۔

بی بی سی کے نمائندے نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا پامپور کے علاقے میں رات کو دھماکے کی آواز سنی گئی جو طیارہ گرنے کی تھی، ایسا ہی ایک اور دھماکہ جموں کے رام بن کے علاقے میں بھی ہوا، بھارتی صحافی پراوین سواہنے نے بھی 6 ،7 مئی کی رات بھارتی فضائیہ کے 3 جیٹ طیاروں کی تباہی کے شواہد دیئے،بھارتی صحافی پراوین سواہنے کے مطابق ”انڈین ایکسپریس“ اور ”دی ہندو“ اخبار نے بھٹنڈا کے قریب ایک اور بھارتی طیارہ گرنے کی خبر دی تاہم ”دی ہندو“ نے 40 منٹ کے بعد خبر ہٹا دی، یہی نہیں بھارتی صحافی پراوین سواہنے اور کرن تھاپر کو معروف بھارتی میڈیا پلیٹ فارم ”دی وائر“ کے پروگرام میں سچ بولنے پر بلاک کر دیا گیا۔