سندھ طاس معاہدے کی معطلی، پاکستان کا بھارت کو باقاعدہ نوٹس دینے کا فیصلہ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)سندھ طاس معاہدے کی معطلی، پاکستان نے بھارت کو باقاعدہ سفارتی ذرائع سے نوٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔

انڈس واٹر کمیشن ذرائع کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر قانونی و آئینی مشاورت کے بعد خارجہ، آبی وسائل اور وزارت قانون نے ابتدائی ہوم ورک کر لیا،نوٹس میں معاہدہ معطلی کی ٹھوس وجوہات طلب کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی معطلی کےخلاف عالمی فورمز پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے پر بھی غور شروع کردیا گیا، بھارتی آبی جارحیت کو موثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جائےگا، اقدام کا مقصد پاکستانی موقف کو قانونی و اخلاقی جواز دینا ہے،پاکستان سندھ طاس معاہدے پر قانونی سبقت رکھتا ہے، بھارت کو جلد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی، تمام اقدامات حکومت و کابینہ کی منظوری کے بعد کیے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسندھ طاس معاہدے پر بھارت نے کام ہی غیر قانونی کیا ، واضح لکھا ہے نیا معاہدہ ہونے تک معاہدہ برقرار رہے گا، 8 مئی یا بعد میں بھارت کے خطوط کا جواب دیں گے، بھارت کو جواب معاہدے کی شقوں کے مطابق دیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی کوئی شق ہی نہیں، بھارت کی جانب سے کمزور زبان استعمال کی گئی،متعلقہ وزارتیں پالیسی بنا رہی ہیں جب تک پالیسی وضع نہیں کر لیتے جواب کی پوزیشن میں نہیں۔