اعجاز چودھری کیخلاف کیس اتنا ہی مضبوط تھا تو فوجی عدالت میں لےجاتے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنماﺅں کو بڑا ریلیف،سپریم کورٹ نے اعجاز چودھری ،حافظ فرحت عباس ، امتیازشیخ کی ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی، جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے ضمانت کو بطور سزا استعمال نہیں کیا جا سکتا ویسے بھی تو600 لوگ فوجی عدالتوں میں لے کر گئے ہی ہیں، اعجاز چودھری کیخلاف کیس اتنا ہی مضبوط تھا تو فوجی عدالت میں لےجاتے،وکیل نے کہااعجاز چودھری 11 مئی 2023 سے گرفتار ہیں، سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا اعجاز چودھری نے لوگوں کو اکسایا اور سازش کا بھی حصہ رہے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد سینیٹر اعجاز چودھری کی ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

دوسری جانب 9 مئی مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس،شریک ملزم امتیازشیخ کی ضمانت قبل ازگرفتاری بھی منظور کرلی گئی،سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاحافظ فرحت عباس پر 9 مئی کی سازش کا بھی الزام ہے، حافظ فرحت عباس کو ٹرائل کورٹ مفرور قرار دے چکی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا سازش کا الزام تو امتیاز شیخ پر بھی تھا،جسٹس نعیم اخترافغان نے ریمارکس دئیے مفرور ہے یا نہیں ،معاملہ متعلقہ عدالت دیکھ لے گی، تفتیش مکمل ہوچکی چالان بھی جمع ہوچکا اب گرفتاری کیا کرنی ہے؟ اللہ کرے آپ 4ماہ میں ٹرائل مکمل کرا دیں، بس کر دیں اب اور کتنا گھسیٹنا ہے؟۔