تقسیم نے ٹکڑے ٹکڑے کردیا،منقسم جسم دفاع نہیں کرسکتا،فضل الرحمن

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے کہا ہے جغرافیائی تقسیم نے ٹکڑے ٹکڑے کردیا ، منقسم جسم اپنا دفاع نہیں کرسکتا اگر بھارت کےساتھ معاملہ ہوگا تو قوم ایک ہوگی لیکن اگر افغانستان کےساتھ کوئی معاملہ ہوا تو قوم ایک صفحے پر نہیں ہوگی، سمجھنے کی ضرورت ہے،تحریک کو اب آگے بڑھانا ہے، مدارس محض تعلیم گاہیں نہیں نظریاتی، فکری ادارے ہیں، افغانستان کیساتھ تعلقات بہتر کرنا ہوں گے، غلط پالیسیوں سے سرحد پر ٹینشن پیدا ہوئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا مایوس نہیں ہونا، حکمران پہلے بھی انگریز کے وفادار تھے، وفاداریوں کے نتیجے میں مراعات ملیں، افغانستان میں 20 سال جنگ رہی جس طرح طالبان اسی طرح حماس کو دہشت گرد قرار دیا گیا، دنیا حماس کی حمایت کےلئے ہچکچا رہی تھی، حماس کو دہشت گرد کہنے کی بجائے مجاہد کہا، فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل قابض ہے، فلسطینی ایک ریاست کی بات کرتے ہیں ہم کون ہوتے ہیں دو ریاست کی بات کرنے والے۔

امیر جے یوآئی نے کہا 1917 میں 98 فیصد فلسطینی اور صرف 2فیصد اسرائیلی آباد تھے، عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دیا، کشمیر کی قراردادوں پر کوئی عمل نہیں کر رہا، افغانستان کےساتھ تعلقات کو بہتر کرنا ہوگا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاک افغان سرحد پر ٹینشن پیدا کر دی گئی ،بھارت، چین، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، افغانستان، ایران کی اکانومی بہتر اور پاکستان کی نیچے جا رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ تسلیم کرے آپ کے پیچھے طاقتور سیاسی قوت نہیں اگر بھارت کےساتھ مسئلہ ہوگا تو قوم ایک ہوگی۔