لاہور ( کرائم رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہفتہ وار جنرل پریڈ منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق، سینئر پولیس افسران نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ پریڈ کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ جنرل پریڈ میں پولیس لائنز، ڈولفن فورس، اینٹی رائٹ فورس، ٹریفک پولیس، مجاہد سکواڈ، ایس پی یو، لیڈیز پولیس، او سی یو، انوسٹی گیشن ونگ اور آپریشن ونگ تھانہ جات کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ سینئر افسران نے پریڈ میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کا ٹرن آو¿ٹ بھی چیک کیا۔ جنرل پریڈ میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور جنرل پریڈ میں خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ہر سوموار صوبہ بھر میں باقاعدگی سے جنرل پریڈز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ضلعی افسران کی کوت، موٹر ٹرانسپورٹ ونگ، متفرق سٹورز، وردی گودام اور دیگر شعبوں کی انسپکشن بھی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جنرل پریڈ کا مقصد اہلکاروں کو الرٹ رکھنا اور ان میں ڈسپلن، اتحاد و بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریڈ کسی بھی فورس کے ڈسپلن کا بہترین مظاہرہ ہوتی ہے جبکہ جنرل پریڈ سے افسران و اہلکاروں کی فٹنس برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ پولیس فورس کی تاریخ، ورثہ اور روایت کو ظاہر کرتی ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری ہے جس کے تسلسل میں 160 افسران و اہلکاروں کیلئے 32 لاکھ روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس کیش انعام و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں ایک سب انسپکٹر، 7 اے ایس آئیز، 33 ہیڈ کانسٹیبل اور 119 کانسٹیبل شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ افسران و اہلکاروں نے لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے احسن طریقے سے فرائض انجام دئیے۔خدمت خلق کے جذبے سے سرشار فرض شناس اور باہمت افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا اصل سرمایہ ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے مزید کہا کہ شاندار کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔
جنرل پریڈ کا مقصد ڈسپلن، اتحاد و بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہے:آئی جی پنجاب



















